
ڈوڈہ پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا
جموں، 15 جون (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے تقریباً 53 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس ٹیم نے جموں سے ڈوڈہ کی جانب آنے والی ایک گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران گاڑی میں سوار دو افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر تقریباً 53 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا جبکہ منشیات اور گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور منشیات کے اس نیٹ ورک کے دیگر روابط کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضلع میں منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی سختی سے جاری رہیں گی۔ ڈوڈہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک بنانے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر