ریاست کی حکومت صوبے میں روزگار پر مبنی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سنگل کلک سے 900 ایم ایس ایم ای یونٹس کو 360 کروڑ روپے سے زیادہ کی ترغیبی رقم تقسیم کی بھوپال، 14 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) ہندوست
وزیر اعلیٰ نے سمردھ ایم ایس ایم ای وکست مدھیہ پردیش پروگرام میں صنعت کاروں سے سے بات چیت کی


وزیر اعلیٰ نے سمردھ ایم ایس ایم ای وکست مدھیہ پردیش پروگرام میں صنعت کاروں سے سے بات چیت کی


وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سنگل کلک سے 900 ایم ایس ایم ای یونٹس کو 360 کروڑ روپے سے زیادہ کی ترغیبی رقم تقسیم کی

بھوپال، 14 جون (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور روزگار کی فراہمی میں ان کا اہم کردار ہے۔ صوبائی حکومت روزگار پر مبنی صنعتوں کی مسلسل حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور سال 2047 تک مدھیہ پردیش میں ایک کروڑ ایم ایس ایم ای اکائیوں کے قیام کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کے روز بھوپال میں واقع کشابھاو ٹھاکرے آڈیٹوریم میں منعقدہ ’سمردھ ایم ایس ایم ای-وکست مدھیہ پردیش‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے سنگل کلک کے ذریعے 900 ایم ایس ایم ای اکائیوں کو 360 کروڑ روپے سے زیادہ کی ترغیبی رقم تقسیم کی۔ ساتھ ہی مختلف اسکیموں کے مستفیدین کو قرض، اراضی الاٹمنٹ لیٹر اور اسٹارٹ اپ ترغیبی رقم بھی فراہم کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں اس وقت 24 لاکھ سے زیادہ ایم ایس ایم ای اکائیاں کام کر رہی ہیں، جن سے سوا کروڑ سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ ان میں 4.41 لاکھ سے زیادہ اکائیوں کو خواتین چلا رہی ہیں، جو کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک مضبوط مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے ڈھائی برسوں میں ایم ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنانے کے لیے 4,500 کروڑ روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کا ہدف ہر ضلعے میں صنعت، ہر خاندان میں روزگار اور ہر نوجوان کو موقع فراہم کرنا ہے۔ اسی سمت میں صنعتی اراضی کی الاٹمنٹ کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے۔ گزشتہ ڈھائی برسوں میں 30 نئے صنعتی علاقے اور 14 کلسٹر منظور کیے گئے ہیں، جبکہ 1,063 پلاٹ صنعت کاروں کو الاٹ کیے جا چکے ہیں۔ آنے والے برسوں میں 60 نئے صنعتی علاقے تیار کرنے اور 6,000 سے زیادہ پلاٹ الاٹ کرنے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ایک عالمی اقتصادی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے اور گزشتہ 12 برسوں میں ایم ایس ایم ای سیکٹر میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔ صوبے کی مصنوعات اب نہ صرف قومی، بلکہ بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچ رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں 7,400 سے زیادہ اسٹارٹ اپس سرگرم ہیں، جن میں تقریباً 50 فیصد کی قیادت خواتین کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ادیم کرانتی اسکیم کے تحت گزشتہ ڈھائی برسوں میں 23,500 سے زیادہ نوجوانوں کو 1,630 کروڑ روپے سے زیادہ کا قرض فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹارٹ اپ رینکنگ میں مدھیہ پردیش کو ’لیڈر‘ زمرے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے وزیر چیتنیہ کمار کاشیپ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے گزشتہ ڈھائی برسوں میں صوبے کو صنعتی ترقی میں آگے رکھنے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ وہ صوبے کے مختلف اضلاع میں تمام طبقات کے صنعت کاروں کے ساتھ مکالمہ کر رہے ہیں۔ صوبے میں ایم ایس ایم ای سیکٹر میں غیر معمولی ترقی ہوئی ہے۔ صوبے کی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ 40 فیصد اور صنعتوں کا حصہ محض 19 فیصد تھا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اسے بدلنے کا عزم کیا ہے، ان کی قیادت میں مدھیہ پردیش بدل رہا ہے۔ صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کا دائرہ بڑھ رہا ہے۔ ریاستی حکومت کی ہینڈ ہولڈنگ پالیسیوں کے نتیجے میں صوبے کے نوجوان صنعت کار قومی اور عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔

صنعتی پالیسی اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی نیز مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز محکمے کے پرنسپل سکریٹری راگھویندر سنگھ نے گزشتہ ڈھائی برسوں کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ ڈھائی برسوں میں سرمایہ کاری امداد کے طور پر 6 ہزار 136 ایم ایس ایم ای صنعت کاروں کو 3 ہزار 723 کروڑ روپے کی رقم دی گئی ہے۔ اس سے پہلے کے ڈھائی سال میں صرف 1245 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی گئی تھی۔ صوبے کی نئی صنعتی پالیسی تیز رفتار، شفاف اور صنعت دوست ہے۔ گزشتہ ایک سال میں صنعت کاروں کو 1000 سے زیادہ پلاٹ الاٹ کیے گئے ہیں۔ صوبے میں 44 نئے صنعتی علاقے اور کلسٹر مجوزہ ہیں۔ اگلے ڈھائی سال میں ریاست میں 30 نئے کلسٹر اور 20 نئی کامن فیسیلٹیز تیار کی جائیں گی۔ اگلے ڈھائی سے تین برسوں میں صنعتوں کو 5000 نئے پلاٹ الاٹ ہوں گے۔ حکومت کا ارادہ ہے کہ صوبے کے تمام حلقہ ہائے اسمبلی میں کم از کم ایک ایم ایس ایم ای سینٹر قائم کیا جائے گا۔ اس کے لیے اب تک 76 حلقہ ہائے اسمبلی میں جگہیں نشان زد کی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وزیر اعلیٰ ادیم کرانتی اسکیم کے تحت اندور کے روی بوبڑے اور ریکھا ورما اور بھوپال کے سدھیر کمار شرما و محمد شیفر کو قرض کی رقم کے چیک پیش کیے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نیواڑی کی جے شری ریکوار، کٹنی کی بھارتی چودھری و رام پرساد لڑیا اور انوپ پور کے ناگیش سنگھ نرویریا کو زمین کی الاٹمنٹ کے لیے لیٹر آف انٹینٹ فراہم کیے۔ نیواڑی کے ساگر جامرا کو زمین الاٹمنٹ کا آرڈر فراہم کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مدھیہ پردیش اسٹارٹ اپ پالیسی-2025 کے تحت ایری رائیڈز پرائیویٹ لمیٹڈ اندور کی بانی آرتی متانی، گلافکس انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ بھوپال کے اریہنت آریا، کونارک ایگرو سولوشنز بھوپال کے سوربھ گوسوامی اور سروس جیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ بھوپال کے دنیش چاندوانی کو امدادی رقم فراہم کی۔ پروگرام میں صنعتی تنظیموں کے نمائندے، بینکنگ اداروں کے عہدیداران، سرمایہ کار، اسٹارٹ اپس کے بانی، نوجوان صنعت کار اور صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مستفیدین بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande