
جبل پور، 14 جون (ہ س)۔ نرمدا ندی کے سلوا گھاٹ پر اتوار کے روز ایک دردناک حادثے میں دو دوستوں کی ڈوبنے سے موت ہو گئی۔ گرمی اور چھٹی کا لطف اٹھانے پہنچے پانچ دوستوں کے گروپ میں شامل گرام چوکھڑا کے رہائشی 19 سالہ دھرو پٹیل اور 17 سالہ ساگر پٹیل نرمدا کی گہرائی اور تیز بہاو کا شکار ہو گئے۔
معلومات کے مطابق، تمام دوست صبح سلوا گھاٹ پر نہانے پہنچے تھے۔ ابتدائی طور پر وہ کنارے کم گہرے پانی میں نہا رہے تھے، تبھی دھرو کا پاوں اچانک گہرے پانی کی طرف چلا گیا اور وہ بھنور میں پھنس کر ڈوبنے لگا۔ دھرو کو مصیبت میں دیکھ کر اس کا دوست ساگر اسے بچانے کے لیے فوراً پانی میں کود گیا، لیکن تیز دھارے اور بھنور کی زد میں آکر وہ بھی بہہ گیا۔
واقعے کو دیکھ کر ساتھ موجود دیگر دوستوں نے شور مچایا، جس کے بعد مقامی گاوں والے اور ملاح مدد کے لیے ندی میں اترے۔ حالانکہ تب تک دونوں نوجوان پانی میں لاپتہ ہو چکے تھے۔ اطلاع ملنے پر غور چوکی انچارج نتن پانڈے نے پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ کر ایس ڈی آر ایف کی غوطہ خور ٹیم کو بلایا۔ ندی میں تیز بہاو، گہرائی اور چٹانی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو مہم چیلنجنگ رہی۔ تقریباً تین گھنٹے کی مسلسل تلاش کے بعد غوطہ خوروں نے جائے وقوعہ سے تقریباً 50 میٹر دور چٹانوں کے درمیان پھنسے دونوں نوجوانوں کی لاشیں برآمد کر لیں۔
پولیس نے پنچنامہ کی کارروائی کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے۔ واقعے کے بعد متوفیان کے خاندانوں میں کہرام مچا ہوا ہے، وہیں پورے علاقے میں اس دردناک حادثے کا غم منایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن