
حیدرآباد ، 14 جون (ہ س)۔
تلنگانہ کے تمام اضلاع میں 17 جون سے معمول کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائےگا اورموسم باراں کے آغاز میں ہونے والی تاخیر کے سبب جو آبی خسارے کا سامنا ہے وہ دورہوجائے گا۔ ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیشن گوئی میں کہاگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مانسون کی بارشوں کا معمول کے مطابق 17 جون سے آغاز ہوجائے گا اورتمام اضلاع میں ہرسال کی طرح اس سال بھی بارش معمول کے مطابق ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مانسون کے آمد کے بعد بارشوں کے امکانات میں اضافہ ہونے لگا ہے اورکہا جارہاہے کہ17 جون سے جوبارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا وہ موسم باراں کے اختتام تک معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیشن گوئی میں کہاگیا ہے کہ گذشتہ دنوں ہوئی بارشوں اورموسمی تبدیلی کے بعد جو حالات پیدا ہوئے ہیں وہ مانسون کی بارشوں کے لئے سود مند ثابت ہوں گے ۔ ریکارڈ کی جانے والی نمایاں تبدیلی کے بعد ماہرین موسمیات کی رائے موسم باراں کے دوران ناکافی بارشوں کے متعلق تبدیل ہونے لگی ہے ۔ موسم گرما کے دوران محکمہ موسمیات اور ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیشن گوئی میں دعویٰ کیاجا رہاتھا کہ جون سے شروع ہونے والے موسم باراں کے دوران ناکافی بارش کے نتیجہ میں آئندہ پینے کے پانی میں قلت کے علاوہ زیرزمین سطح آب میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی لیکن موسم میں اچانک تبدیلی اورہونے والی بارشوں کے علاوہ کیرالہ وکرناٹک میں ریکارڈ کی جانے والی مانسون کی بارشوں کے بعد ماہرین موسمیات کی رائے تبدیل ہونے لگی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ نواحی و مضافاتی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق