
امپھال، 14 جون (ہ س)۔ منی پور کے نئے تعینات ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) مکیش سنگھ (آئی پی ایس) نے ہفتہ کو چورا چاندپور ضلع کا اپنا پہلا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلعی پولیس حکام، سی اے پی ایف/ آسام رائفلز اور سول سوسائٹی تنظیموں (سی ایس او) کے ساتھ میٹنگ کی۔
انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے میں تمام اکائیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منشیات کو ضبط کرنے، مسلح جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرنے میں کامیابیوں پر ضلعی پولیس کی تعریف کی۔ ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ وہ ضلع میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی اقدامات جاری رکھیں۔
سی ایس او کے اراکین کے ساتھ بات چیت کے دوران، انہوں نے ان کے خدشات کو سنا، انہیں عوامی تحفظ کے لیے ضروری قانونی کارروائی کا یقین دلایا اور ریاست میں بات چیت، امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اپنے دورے کے اختتام پر انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے اجتماع سے خطاب بھی کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی