
نئی دہلی، 14 جون (ہ س)۔ تغلق آباد ایکسٹینشن، گووند پوری، جنوب مشرقی دہلی میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے کی تحقیقات میں پولیس نے ایک اہم انکشاف کیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایک حادثہ سمجھا جارہا تھا، اب یہ آگ سوچی سمجھی سازش اور آتش زنی کا معاملہ ہے۔ پولیس نے 17 سالہ نابالغ لڑکی سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ آگ لگنے سے تین افراد جاں بحق جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، تغلق آباد ایکسٹینشن کی گلی نمبر 1 میں واقع عمارت نمبر آر زیڈ-171/1 میں 12 جون کی صبح تقریباً 2بجکر24 منٹ پر آگ لگ گئی۔ آگ نے تیزی سے گراونڈ فلور سے لے کر پانچویں منزل تک پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس واقعہ میں آٹھ افراد زخمی ہوئے اور انہیں ایمس ٹراما سینٹر اور صفدر جنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پنکج پانڈے، سشیلا دیوی اور سونیا کماری کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی) کی دفعہ 287 اور 106(1) کے تحت ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
تفتیش کے دوران پولیس نے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج کا جائزہ لیا۔ فوٹیج میں ایک خاتون کو آگ لگنے سے کچھ دیر قبل عمارت میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس سے تفتیش کا رخ بدل گیااور کیس کو حادثاتی کے بجائے آتش زنی کا فیصلہ کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران، پولیس نے گووند پوری کے نوجیون کیمپ کی رہنے والی 17 سالہ نابالغ لڑکی کی شناخت کی اور اسے گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ گری نگر کی رہنے والی 27 سالہ سریتا نے اسے پیٹرول اور ماچس دیا اور عمارت کی پانچویں منزل پر رہنے والے دیپک کے اسکوٹر کو آگ لگانے کے لیے اکسایا۔ بتایا گیا ہے کہ دیپک اور سریتا کے درمیان مالی تنازعہ چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق، سریتا نے پوچھ گچھ کے دوران انکشاف کیا کہ پوری سازش نوجیون کیمپ کے رہنے والے نرنجن (33) اور اس کے بھائی راجکمار (27) نے رچی تھی۔ وہ ذاتی رنجش کا بدلہ لے رہے تھے اور اسکوٹر کو آگ لگانے کا منصوبہ بنایا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اسکوٹر میں لگنے والی آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس نے اب اس کیس میں آئی پی سی کی دفعہ 61 (مجرمانہ سازش)، 105 (غیرارادتا قتل )، 110 (غیرارادتا قتل کی کوشش)، 326 (جی) (آگ سے نقصان پہنچانا) اور 331 (4) (رات کو گھر میں داخل ہونے) کو شامل کیا ہے۔ نابالغ لڑکی سمیت چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور سازش سے متعلق دیگر پہلووں سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی