
تھانے، 14 جون (ہ س)۔ امبرناتھ تعلقہ کے اُساٹنے علاقے میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے ’’مکس ہائیڈروکاربن آئل‘‘ کے بڑے ذخیرے پر ریاستی ویجلنس ٹیم نے اتوار کو کارروائی کرتے ہوئے تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔ اس معاملے میں متعلقہ ملزمان کے خلاف تلوجا پولیس تھانے میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ غیر قانونی ایندھن ذخیرہ اندوزی اور کالا بازاری کے خلاف اسے ایک اہم کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
کنٹرولر راشننگ چندرکانت ڈانگے (آئی اے ایس) کو موصول ہونے والی خفیہ اور مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر ریاستی ویجلنس ٹیم نے امبرناتھ کے اُساٹنے علاقے میں واقع نیو او لاجسٹک پارک کے نزدیک، اسٹیٹ لیول پلاٹ نمبر 20 کے سامنے چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ٹینکر کی سیل توڑ کر ’’مکس ہائیڈروکاربن آئل‘‘ کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور خرید و فروخت کی جا رہی تھی۔ اس سرگرمی میں دو افراد کے براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔موقع پر جانچ کے دوران ایک ٹینکر مکمل طور پر بھرا ہوا پایا گیا، جس میں تقریباً 29 ہزار 700 کلوگرام مکس ہائیڈروکاربن آئل موجود تھا۔ اسی طرح ایک اور ٹینکر بھی موقع پر کھڑا تھا، جس میں برقی موٹر کی مدد سے ایندھن ذخیرہ کرنے کا عمل جاری تھا۔ اس کے علاوہ ایک ٹیمپو میں 200 لیٹر گنجائش والے پلاسٹک بیرلوں میں آئل کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی تھی۔ مذکورہ گاڑی سے 220 لیٹر گنجائش کے 20 خالی پلاسٹک بیرل بھی برآمد ہوئے۔کارروائی کے دوران زمین پر پڑے ہوئے 80 خالی بیرل، ایک برقی موٹر اور ایک ایئر آپریٹڈ ڈایافرام (اے ڈی آو) پمپ بھی ضبط کیا گیا۔ ضبط شدہ ایندھن، گاڑیوں اور دیگر سامان کی مجموعی مالیت تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ افراد کے پاس اس کاروبار سے متعلق ضروری اجازت نامے یا درست دستاویزات موجود نہیں تھے۔ پولیس اور متعلقہ محکمے پورے معاملے کی مزید چھان بین کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں ملزمان کے خلاف تلوجا پولیس تھانے میں مقدمہ درج کرنے کا قانونی عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ غیر قانونی ایندھن کی ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور ممکنہ کالا بازاری سے متعلق دیگر پہلوؤں کی بھی جانچ کی جائے گی۔ یہ کارروائی کنٹرولر راشننگ چندرکانت ڈانگے کی رہنمائی میں ریاستی ویجلنس ٹیم کے اسسٹنٹ کنٹرولر راشننگ پردیپ کالے، اسسٹنٹ ضلع سپلائی افسر یوگیش جنگلے، چیف انسپکشن آفیسر ناگناتھ ہنگرگے اور راشننگ انسپکٹروں رام راجے بھوسلے، چندرکانت کامبلے، وکاس ناگ دیوے، رویندر راٹھوڑ، راجیش سورتے، دیوانند تھوروے، پون کمبھلے، راہل انگلے اور ارون کاتے پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے انجام دی۔انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی ایندھن ذخیرہ اندوزی سے نہ صرف سرکاری آمدنی کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ عوامی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا ہوتے ہیں۔ اسی لیے ایسی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور کالا بازاری کے خلاف آئندہ دنوں میں کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے