
میونسپل کارپوریشن کی دھرم شالہ ناجائز قبضے سے آزاد، میونسپل کمشنر کی بڑی کارروائی
علی گڑھ، 04 مئی (ہ س)۔ میونسپل کارپوریشن کی عوامی املاک کو ناجائز قبضوں سے آزاد کرانے کی مہم کے تحت میونسپل کمشنر پریم پرکاش مینا نے پیر کے روز وارڈ نمبر 8 کے سرائے لَواریا ملین بستی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر امبیڈکر کمیونٹی ہال/دھرم شالہ کو قبضہ سے آزاد کرا دیا۔
جن سنوائی کے دوران علاقے کی خواتین نے شکایت کی تھی کہ دھرم شالہ پر ایک شخص نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور غریب خاندانوں سے تقریبات کے نام پر 11 سے 15 ہزار روپے تک کی وصولی کی جا رہی ہے۔ شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے میونسپل کمشنر خود موقع پر پہنچے اور تالا توڑوا کر دھرم شالہ کو خالی کرایا۔
معائنہ کے دوران احاطے کے اندر موٹر سائیکل، موپیڈ، سائیکلیں اور لکڑی رکھی ہوئی ملی، جسے میونسپل کارپوریشن نے ضبط کر لیا۔ موقع پر پولیس اور انفورسمنٹ ٹیم کو بلا کر کارروائی مکمل کی گئی۔
میونسپل کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت دی کہ قابض للت کانت کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میونسپل کارپوریشن کی دھرم شالائیں عوام کے استعمال کے لیے ہیں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی وصولی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ کارروائی کے بعد علاقے کے لوگوں نے میونسپل کارپوریشن کی اس پہل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ