
نئی دہلی، 4 مئی (ہ س)۔ بجلی کے بڑھتے ہوئے لوڈ اور آکسیجن سے بھرپور ماحول کی وجہ سے اسپتالوں میں آگ لگنے کا خطرہ بڑھ گیاہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکزی وزارت صحت نے فائر سیفٹی کے نئے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ ان نئی ہدایات کا مقصد خاص طور پر ہنگامی حالات کے دوران مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ نئی ہدایات میں مریضوں کے محفوظ انخلاءکے لیے جدید اور منظم حکمت عملی شامل ہے۔ نازک مریضوں، آئی سی یو، این آئی سی یو اور دیگر حساس وارڈوں کے لیے الگ الگ مرحلہ وار انخلاءکے انتظامات پر خاص زور دیا گیاہے۔ مزید برآں، یہ رہنما خطوط فائر سیفٹی گورننس کو مضبوط بنانے، باقاعدہ آڈٹ کو یقینی بنانے اور اسپتال کے عملے کو بہتر تربیت فراہم کرنے پر مرکوز ہیں۔
پیر کومرکزی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات میں آگ اور زندگی کی حفاظت سے متعلق قومی رہنما خطوط (2026) اسپتالوں میں آگ سے حفاظت کو مضبوط بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ ہیلتھ سکریٹری پنیا سلیلا سریواستو نے کہا کہ ان رہنما خطوط میں مرحلہ وار انخلاء کی حکمت عملی شامل ہے، خاص طور پر نازک اور ایمبولیٹری مریضوں کے لیے۔
نئے رہنما خطوط میں اعلی خطرے والے علاقوں جیسے آئی سی یو، این آئی سی یو، پی آئی سی یو اور آپریشن تھیٹرز کے لیے خصوصی حفاظتی پروٹوکول مرتب کیے گئے ہیں، تاکہ ان حساسمقامات پر کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لیے فوری اور محفوظ ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام ریاستوں اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات پر زور دیا کہ وہ آئی ایچ آئی پی پورٹل پر فائر سیفٹی آڈٹ کی تفصیلات کو باقاعدگی سے اپ لوڈ کریں۔
قابل ذکر ہے کہ یہ نظرثانی شدہ فریم ورک 2020 کے رہنما خطوط کی تازہ کاری ہے اور اسے کئی ماہر اداروں کے ساتھ مل کر تیار کیا گیا ہے، جن میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فائر سروسز، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈز، بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز، اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر، اور ایمس جیسے اہم ادارے شامل ہیں۔
یہ نئی ہدایات اسپتالوں میں آگ کے خطرات کو کم کرنے، ہنگامی تیاریوں کو بہتر بنانے اور مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں نمایاں طور پر مدد کریں گی۔ اس کے ساتھ مل کر، صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے 4 سے 10 مئی تک فائر سیفٹی ہفتہ کے ملک گیر جشن کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد فائر سیفٹی کو مضبوط بنانا اور اسپتالوں اور صحت کی دیکھ بھال کے اداروں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی