ماحولیاتی بیداری کے عزم کے ساتھ ایکو فیسٹا کا اہتمام، شجرکاری مہم اور پینل مباحثہ منعقد
ماحولیاتی بیداری کے عزم کے ساتھ ایکو فیسٹا کا اہتمام، شجرکاری مہم اور پینل مباحثہ منعقد علی گڑھ، 04 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کلچرل ایجوکیشن سینٹر (سی ای سی) کے یونیورسٹی ایکو کلب کے زیر اہتمام ماحولیاتی بیداری اور پائیداری
ایکو کلب پروگرام


ماحولیاتی بیداری کے عزم کے ساتھ ایکو فیسٹا کا اہتمام، شجرکاری مہم اور پینل مباحثہ منعقد

علی گڑھ، 04 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کلچرل ایجوکیشن سینٹر (سی ای سی) کے یونیورسٹی ایکو کلب کے زیر اہتمام ماحولیاتی بیداری اور پائیداری پر مبنی فیسٹیول ”ایکو فیسٹا“ کا اہتمام کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں محترمہ سنگیتا سنگھ، آئی اے ایس، کمشنر، علی گڑھ ڈویژن نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی اور اپنی کتاب ”واکنگ وِد وِنگس اینڈ کیمرہ“ کی رونمائی کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ماحولیاتی فوٹوگرافی اور ایکو واکس کو بیداری پیدا کرنے کے مؤثر ذرائع قرار دیتے ہوئے اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں کہا کہ بصری کہانی سنانے سے ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو فروغ ملتا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پائیدار طرزِ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تعلیمی اداروں کا کردار ماحولیاتی ذمہ داری کا شعور رکھنے والے شہریوں کی تشکیل میں نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو پائیداری کو تعلیمی سرگرمیوں اور کیمپس کی زندگی دونوں میں شامل کرنا چاہیے، اور طلبہ کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے بامعنی کردار ادا کرنے کی ترغیب دینی چاہیے۔

پرو وائس چانسلر پروفیسرمحمد محسن خان نے ماحولیاتی ذمہ داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ پائیداری سے متعلق اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کیونکہ ابھرتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ پروفیسر ایم رضوان خان، کوآرڈینیٹر، سی ای سی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبہ کو بامعنی طور سے مصروف رکھتے ہیں اور آگہی کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ پروگرام یونیورسٹی ایکو کلب کی صدر پروفیسر عرو س الیاس اور سکریٹری مسٹر عبدالرحمن کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ایکو تھیم پر مبنی اسٹالز کا دورہ کیا اور سی ای سی کمپلیکس میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

دوسرے سیشن میں ”فاسٹ فیشن اور ماحول پر اس کے مضر اثرات“ کے موضوع پر ایک پینل مباحثہ منعقد ہوا، جس میں پروفیسر وبھا شرما، ڈاکٹر فائزہ عباسی، ڈاکٹر شیبا کمال اور ڈاکٹر عندلیب نے بطور پینلسٹ شرکت کی۔ اس مباحثے کی نظامت مسٹر اسجد احمد نے کی، جبکہ مسٹر انس بن احسان اور جناب شکیب ارسلان نے بطور صارف نمائندگان حصہ لیا۔

تقریب میں طلبہ، اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو ماحولیاتی بیداری اور پائیدار طرزِ عمل کے فروغ کے تئیں یونیورسٹی کی مسلسل کاوشوں کی عکاس ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande