
جموں, 04 مئی (ہ س)جموں و کشمیر حکومت نے انتظامی مفاد اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر پونم سیٹھی کی تقرری بطور قائم مقام ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کے طور پر عمل میں لانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔سرکاری حکم نامہ کے مطابق ڈاکٹر پونم سیٹھی، جو اس وقت قائم مقام ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر، ایم سی ایچ اور امیونائزیشن جموں و کشمیر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں،ان کو عارضی بنیادوں پر نئی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تقرری عدالتوں میں زیرِ سماعت کسی بھی عرضی کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس عبوری انتظام سے مستقل تقرری یا ترقی کے حوالے سے کوئی ترجیحی حق حاصل نہیں ہوگا اور اس ضمن میں تمام فیصلے قواعد و ضوابط کے مطابق ہی کیے جائیں گے۔یہ احکامات محکمہ صحت و طبی تعلیم، سول سکریٹریٹ جموں ،سرینگر کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں اور متعلقہ انتظامی و صحت حکام کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دیے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر