
نئی دہلی، 04 مئی (ہ س)۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے آج دہلی سکریٹریٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جیت کا جشن 'جھالموری' اور 'رسگلہ' کے ساتھ منایا کیونکہ مغربی بنگال سمیت اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے حق میں رجحانات آنے لگے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے کابینہ کے ساتھیوں کے ساتھ جیت کا جشن منایا، جنہوں نے ایک دوسرے کو جھالموری اور رسگلہ کھلا کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں دہلی کے وزیر تعلیم آشیش سود، محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر پرویش صاحب سنگھ، وزیر ماحولیات منجندر سنگھ، وزیر سیاحت کپل مشرا اور سماجی بہبود کے وزیر رویندر اندراج سنگھ موجود تھے۔
اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰنے اسے عوام کے اعتماد اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نافذ کی گئی عوامی بہبود کی پالیسیوں کی واضح توثیق قرار دیا۔ انہوں نے اس تاریخی جیت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ جیت محض سیاسی کامیابی نہیں ہے بلکہ قوم کی بدلتی ہوئی ذہنیت کی علامت ہے۔ ملک کے عوام اب جھوٹے نعروں، گمراہ کن سیاست اور نام نہاد سیکولرازم کے کھوکھلے دعوو¿ں سے اوپر اٹھ کر ٹھوس ترقی، شفافیت اور نتائج پر مبنی طرز حکمرانی کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک نے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس کے منتر کو عملی جامہ پہنایا ہے، جس کا اثر آج ہر ریاست اور سماج کے ہر طبقے میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی