
نئی دہلی، 3 مئی (ہ س)۔ گجرات بی جے پی کے صدر جگدیش وشوکرما کے بناسکانٹھا میں ایک ریلی کے دوران کانگریس ایم پی گینی بین ٹھاکر کے بارے میں مبینہ تبصرہ نے ایک سیاسی تنازعہ کو جنم دیدیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اس تبصرہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کے تئیں توہین آمیز قرار دیا ہے۔
لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے فیس بک پوسٹ میں کہا کہ یہ تبصرے نہ صرف شرمناک ہیں بلکہ پارٹی کی خواتین مخالف ذہنیت کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے احترام کی بات کرنے کے باوجود ایسے واقعات پر وزیراعظم کی خاموشی تشویشناک ہے۔
اس دوران کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی مبینہ تبصرہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور توہین آمیز قرار دیا۔ انہوں نے کانگریس ایم پی گینی بین ٹھاکر کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی جدوجہد کو سمجھتی ہیں اور اس مسئلہ پر ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ خواتین کے وقار سے جڑے ایسے معاملات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی