
نئی دہلی، 2 مئی ( ہ س ) — اتر پردیش کے رائے بریلی میں واقع جدید ریلوے کوچ فیکٹری (آریڈیکا) نے ہفتہ کے روز اپنے پہلے 16 کوچ والے وندے بھارت چیئر کار ٹرین سیٹ کو ڈائنامک ٹیسٹنگ اور فیلڈ ٹرائل کے لیے روانہ کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی آریڈیکا نے وندے بھارت ٹرین بنانے کے میدان میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا ہے۔
ریلوے وزارت کے مطابق یہ ٹرین جدید سیمنز پروپلشن سسٹم سے لیس ہے اور باقاعدہ سروس میں شامل ہونے سے پہلے اس کا آوسیلیشن ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس ٹیسٹ کے ذریعے ٹرین کی سواری کے معیار، حفاظتی اصولوں اور رفتار سے متعلق کارکردگی کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔
آریڈیکا میں تیار کی گئی اس ٹرین میں حفاظت اور بھروسے کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی جدید انجینئرنگ بہتریاں شامل کی گئی ہیں۔ اس میں آرام دہ نشستیں، جھٹکوں سے پاک سفر، مکمل بند گینگ وے اور شور کم کرنے کے لیے خودکار دروازے جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
حفاظت کے لحاظ سے ٹرین میں دیسی “کَوَچ” آٹو میٹک ٹرین پروٹیکشن سسٹم، جدید آگ کا پتہ لگانے والا نظام (ایروسول فائر فائٹنگ کے ساتھ) اور نیچے لگے آلات کے لیے اضافی حفاظتی انتظامات شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ویکیوم انفیوژن ٹیکنالوجی سے تیار اندرونی ڈیزائن اعلیٰ معیار اور بہتر فنشنگ فراہم کرتا ہے۔
یہ ٹرین مکمل طور پر معذور افراد کے لیے بھی موزوں بنائی گئی ہے، جس میں ریمپ، مخصوص جگہیں اور خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ ہر مسافر کے لیے آسان اور اطمینان بخش سفر ممکن ہو سکے۔
رائے بریلی میں تیار کیا گیا یہ نیا وندے بھارت ٹرین سیٹ بھارتی ریلوے کے تیز، محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ کے ہدف کی جانب ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔ یہ “آتم نربھر بھارت” اور عالمی معیار کی مینوفیکچرنگ کے عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ وندے بھارت ٹرین کی شروعات سال 2018 میں صرف دو ٹرین سیٹ سے ہوئی تھی، اور اب یہ اپنے 100ویں ٹرین سیٹ کی جانب بڑھ رہی ہے۔ آج کا دن اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ رائے بریلی کے آریڈیکا سے پہلا ٹرین سیٹ ٹیسٹنگ کے لیے روانہ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد