
مالمو، 02 مئی (ہ س)۔ ٹیپے سیگیمن اینڈ کمپنی شطرنج ٹورنامنٹ کے 31 ویں ایڈیشن میں ہندوستانی گرینڈ ماسٹر ارجن ایریگیسی نے شاندار شروعات کرتے ہوئے دنیا کے نمبر 1 کھلاڑی میگنس کارلسن کو پہلے راونڈ میں ڈرا پر روک دیا۔
میچ کے دوران کارلسن نے کوئین سائیڈ پر دباو بنانے کی کوشش کی، لیکن ارجن نے درست دفاع کرتے ہوئے 24...b6! چال چل کر پاسڈ پیادے کے خطرے کو ختم کر دیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے گھوڑے کو متحرک کرتے ہوئے صورتحال کو سادہ بنایا۔
روک کے تبادلے کے بعد سفید مہروں کے پاس جیت کا کوئی واضح راستہ نہیں بچا اور مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔
ارجن ایریگیسی کے لیے 2026 کی شروعات کچھ خاص نہیں رہی تھی۔ وہ ٹاٹا اسٹیل ماسٹرز میں 13 ویں اور فیڈے فری اسٹائل شطرنج ورلڈ چیمپئن شپ میں چھٹے مقام پر رہے تھے، جسے کارلسن نے جیتا تھا۔
یہ ٹورنامنٹ کلاسیکل شطرنج کے سب سے مضبوط ایونٹس میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ اس میں 2024 کے فاتح نودیربیک عبدوساتوروف، 2021 کے چیمپئن جورڈن وان فوریسٹ اور سویڈن کے نمبر 1 کھلاڑی نیلس گرینڈلیئس جیسے تجربہ کار کھلاڑی خطاب کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں۔
ارجن کا یہ ڈرا ان کے اعتماد کو بڑھانے والا ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ انہوں نے دنیا کے اعلیٰ ترین کھلاڑی کے خلاف بہترین کھیل دکھایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن