
نئی دہلی، 2 مئی (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے روہت جین کو ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کا ڈپٹی گورنر مقرر کیا ہے۔ ان کی تقرری تین سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے۔ جین موجودہ ڈپٹی گورنر ٹی ربی شنکر کی جگہ لیں گے، جن کی مدت آج ختم ہو رہی ہے۔
یہ معلومات ہفتہ کو محکمہ عملہ اور تربیت (ڈی او پی ٹی) کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں فراہم کی گئی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) نے ریزرو بینک آف انڈیا کے ڈپٹی گورنر کے طور پر روہت جین کی تقرری کو منظوری دے دی ہے۔ اے سی سی کی طرف سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ روہت جین کو تین سال کی مدت کے لیے آر بی آئی کے ڈپٹی گورنر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت ملازمت کا آغاز ان کے عہدہ سنبھالنے کی تاریخ یعنی 3 مئی 2026سے ہوگا اور اگلے احکامات تک، جو بھی پہلے ہو، نافذ رہے گا۔
روہت جین ٹی ربی شنکر کی جگہ لیں گے، جن کی توسیعی مدت آج ختم ہو رہی ہے۔ جین اس سے پہلے دسمبر 2020 سے آر بی آئی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ای ڈی ) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر، جین نے نگرانی کے محکمے (رسک، اینالٹکس اور ولنیریبلٹی اسسمنٹ) کی ذمہ داری سنبھالی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ مرکزی حکومت نے ڈپٹی گورنر کے عہدے کے لیے چار ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا انٹرویو کیا تھا ، جس میں روہت جین کے نام پر مہر لگی ہے ۔ جین کو ریزرو بینک میں تقریباً تین دہائیوں کا تجربہ ہے۔ اپنے کیریئر کے دوران، انہوں نے کئی اہم شعبوں بشمول نگرانی، انسانی وسائل کا انتظام، اور بینکنگ میں کام کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد