
مشرقی سنگھ بھوم، 7 اپریل (ہ س)۔ مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے پوٹکا تھانہ علاقہ کے تحت ٹوڑی موضع میں سرکاری اراضی پر تجاوزات کے خلاف منگل کو انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے بلڈوزرچلا کر غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا۔ یہ کارروائی پوٹکا کی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نکیتا بالا کی ہدایت پر کی گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق،توڑی موضع میں ٹھیکیدار رنجیت مشرا جمشید پور ریسورس پرائیویٹ لمیٹڈ اور منوج کمار سنگھ کے ذریعہ سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے تعمیراتی کام کیا جا رہا تھا۔ معاملے کا علم ہونے پر، ضلع مجسٹریٹ نے جے پی ایل ای کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے متعلقہ فریقوں کو مقررہ مدت کے اندر تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی ۔
تاہم ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود کسی بھی فریق نے تجاوزات نہیں ہٹائی، جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ کارروائی کے دوران، سی آئی ہیمنت کمار اور ریونیو ملازم شانتی رام شڈنگی کو مجسٹریٹ کے طور پر تعینات کیا گیا تھا ،وہیں بڑی تعداد میں پولیس فورس کی موجودگی میں پورے علاقے کوخالی کروایا گیا ۔
انتظامی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر رنجیت مشرا، منوج کمار سنگھ اور متعلقہ کمپنی کی طرف سے کی گئی غیر قانونی تعمیر کو مکمل طور پر منہدم کر دیا۔ پوری کارروائی پرامن طریقے سے انجام دی گئی ۔
بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نکیتا بالا نے واضح طور پر کہا کہ علاقے میں جہاں بھی تجاوزات کی اطلاع ملے گی، انتظامیہ اسی طرح کی سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تمام تجاوزات کو پہلے ہی نوٹس اور وقت دیا گیا تھا لیکن ان کی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے یہ کارروائی کرنا پڑی۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد