
حیدرآباد ، 7 اپریل (ہ س) ۔ ضلع کلکٹر محبوب نگرخوشبو گُپتا نے اعلان کیا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ مینارٹیز فینانس کارپوریشن اور ٹام کام کے اشتراک سے اقلیتی ہنرمند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ دور میں ہنر مند افراد کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسی کے پیش نظر آسٹریلیا، عمان، جرمنی، قطر(دوحہ) اور یونان سمیت مختلف ممالک میں پرکشش تنخواہوں کے ساتھ متعدد ملازمتوں کےلیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں ویلڈر، اسپرے پینٹر، پینل بیٹر اور کار میکانک کے لیے ماہانہ 3.66 لاکھ تا 4 لاکھ روپے تک تنخواہ مقرر ہے۔ عمان میں ڈائریکٹر اسٹڈیز اینڈ ڈیلیوری، چیف پراجیکٹس اینڈ ٹیکنیکل آفیسر، لانڈری اسٹاف، ایگریکلچرل انجینئر اور دیگر عہدوں کے لیے بھی پرکشش تنخواہیں دی جائیں گی۔ جرمنی میں رجسٹرڈ جنرل نرس، ٹرانسمیشن لائن ٹیکنیشن اور الیکٹریشن کے لیے بھی اعلیٰ معاوضہ مقرر ہے۔
اسی طرح قطر میں رجسٹرڈ نرس (مرد و خواتین)، ہوٹل اسٹاف اور دیگر شعبوں میں جبکہ یونان میں ہوٹل ریسیپشنسٹ، اسپا تھراپسٹ، الیکٹریشن، پلمبر اور لائف گارڈز کے لیے بھی درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔
ضلع کلکٹر نےکہا کہ منتخب امیدواروں کو نہ صرف معقول تنخواہیں بلکہ ہوائی جہاز کے ٹکٹ، میڈیکل انشورنس، اوورٹائم، قیام و طعام جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ تمام ملازمتیں قانونی تقاضوں کے مطابق کی جائیں گی تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے اقلیتی نوجوانوں، اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو درخواست دینے کی ترغیب دیں۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار اپنی مکمل تفصیلات اور ضروری اسناد کے ساتھ ضلع اقلیتی بہبود آفس، کمرہ نمبر 205، آئی ڈی او سی، کلکٹریٹ کمپلیکس محبوب نگر میں درخواست جمع کروائیں یا ای میل کے ذریعے اپنا بایوڈیٹا ارسال کریں۔
مزید معلومات کے لیے درج ذیل نمبرز 9440048590، 9440049937، 9440051452، پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق