مرکزی وزیر نے جموں تا سرینگر وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
جموں, 30 اپریل (ہ س)مرکزی ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے جمعرات کے روز وندے بھارت ایکسپریس کو جموں تک توسیع دینے کے بعد جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ریلوے میں حفاظت اور سیکورٹی کے لیے بہتر مینٹیننس کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، جب
Vade bharat


جموں, 30 اپریل (ہ س)مرکزی ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے جمعرات کے روز وندے بھارت ایکسپریس کو جموں تک توسیع دینے کے بعد جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ریلوے میں حفاظت اور سیکورٹی کے لیے بہتر مینٹیننس کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ جموں سے سری نگر ریل لائن کی گنجائش میں اضافہ اگلا اہم ہدف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قاضی گنڈ سے سرینگر تک ریلوے ٹریک کو ڈبل کرنے کا کام جاری ہے، جس سے مزید ٹرینیں چلانے میں مدد ملے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی طرز کی ٹیکنالوجی یورپ میں بھی استعمال ہو رہی ہے، جس سے مال برداری کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق کشمیر سے دہلی تک تقریباً 2 کروڑ کلوگرام سیب ریلوے کے ذریعے منتقل کیے جا چکے ہیں جبکہ چیری کے لیے 32 بوگیاں بک کی گئی ہیں۔

ریلوے وزیر نے کہا کہ جموں-کٹرا-سری نگر روٹ پر وندے بھارت ایکسپریس کو زبردست عوامی پذیرائی ملی ہے اور ٹرین سو فیصد گنجائش کے ساتھ چل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد مسافر اس ٹرین میں سفر کر چکے ہیں۔ اس میں ڈوگری اور کشمیری کھانے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں اور یہ ٹرین منفی 10 ڈگری درجہ حرارت میں بھی باآسانی چل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئی 20 بوگیوں والی ٹرین میں جدید الیکٹرانکس اور تقریباً 3000 مائیکروچپس نصب کیے گئے ہیں، جو اسے سخت موسمی حالات کے مطابق بناتے ہیں۔

اس موقع پر جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ بھی موجود تھے۔ عمر عبداللہ نے ریلوے وزارت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جموں کو سری نگر سے جوڑنا ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 بوگیوں والی ٹرین کو بڑھا کر 20 بوگیوں تک کر دیا گیا ہے، جس سے اب تقریباً 1400 مسافر ایک ساتھ سفر کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ریل سروس سے سیمنٹ، گاڑیاں اور پھلوں کی ترسیل میں آسانی ہوئی ہے، تاہم جموں و کشمیر میں ڈرائی پورٹ کے قیام اور مقامی سطح پر کسٹم کلیئرنس کی ضرورت ہے۔

مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے اس کامیابی کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی اور ریلوے وزیر کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے زیر التوا کشمیر ریل پروجیکٹ کو مکمل کر کے وادی کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وندے بھارت ایکسپریس پہلے سری نگر سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا تک چلتی تھی، جسے اب بڑھا کر جموں توی تک کر دیا گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر ٹرین کی کوچز 8 سے بڑھا کر 20 کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو خصوصاً سیاحتی اور یاترا کے موسم میں بڑی سہولت حاصل ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande