
پٹنہ،28اپریل(ہ س)۔راجدھانی پٹنہ میں سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی المناک موت ہو گئی۔ واقعہ سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ نوجوان اپنی ماں کو گھر لے کر جا رہا تھا۔ اس کی والدہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعہ فتوحہ تھانہ علاقہ سکھل پور کے چھپاک واٹر پارک کے قریب پیش آیا۔ واقعہ صبح 7 بجے کے قریب پیش آیا، اطلاعات کے مطابق ایک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل سوار پریم کمار کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ متوفی کی شناخت 18 سالہ پریم کمار ولد پنکج ورماساکن اسوان پور، ناگرنوسہ تھانہ علاقہ کے طور پر کی گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پریم کمار کی ماں وجیا لکشمی جو پی ایم سی ایچ میں بطور نرس کام کرتی ہیں، رات کی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد اپنے بیٹے پریم کمار کے ساتھ بائک پر گھر واپس آ رہی تھیں کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں وجیا لکشمی شدید زخمی ہو گئی تھیں اور انہیں فوری طور پر فتوحہ تھانہ پولیس نے علاج کے لیے پٹنہ بھیج دیا تھا۔
متوفی پریم کمار دو بھائیوں میں بڑا تھا۔ اس کے چھوٹے بھائی کا نام پریانشو ہے جس کی عمر 16 سال بتائی جاتی ہے۔ ان کے والد پنکج ورما ڈرائیور ہیں۔ واقعہ سے اہل خانہ میں افراتفری پھیل گئی اور علاقے میں غم کی فضا چھا گئی۔ پولیس فی الحال نامعلوم گاڑی کی تلاش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan