
تلنگانہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلت نہیں ہے : کمشنر اسٹیفن رویندرحیدرآباد، 28 اپریل (ہ س)۔
ایندھن کی دستیابی سے متعلق خدشات کے درمیان، تلنگانہ کے سول سپلائیز کمشنراسٹیفن رویندرنے منگل کوعوام کویقین دلایا کہ پوری ریاست میں پیٹرول اورڈیزل کا ذخیرہ وافرمقدارمیں موجود ہے اورسپلائی موجودہ مانگ سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 27 اپریل کو ریاست بھرمیں کل 29,939 کلولیٹرپیٹرول اورڈیزل سپلائی کیا گیا۔ یہ مقدارروزانہ کی اوسط مانگ سے نمایاں طورپرزیادہ ہے، جو کہ پیٹرول کے لیے 5,883 کلو لیٹر اور ڈیزل کے لیے 7,348 کلو لیٹر ہے۔ تفصیلی اعداد و شمار فراہم کرتے ہوئے کمشنر نے بتایا کہ اس دن صارفین کو 11,490 کلو لیٹر پیٹرول اور 18,449 کلو لیٹر ڈیزل فراہم کیا گیا، جس سے بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ سطح کے حکام اور آئل کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ہم آہنگی قائم رکھ کر کے سپلائی کی صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے خلل کو روکا جا سکے۔ کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہے اور انہوں نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ غلط فہمیوں کی بنیاد پر ایندھن کی ذخیرہ اندوزی نہ کریں، کیونکہ سپلائی مستحکم اور کافی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق