
موبائل فون کی بازیابی میں تلنگانہ سرفہرست، 1.24 لاکھ موبائل برآمدحیدرآباد، 28 اپریل (ہ س)۔ تلنگانہ چوری شدہ اورگم شدہ موبائل فون کی بازیابی میں ملک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاست بن کرابھری ہے، جہاں مجموعی طور پر 1,24,850 موبائل کا سراغ لگا کر انہیں صارفین کے حوالے کیا گیا ہے۔ ڈی جی سی آئی ڈی چارو سنہا کے مطابق، سینٹرل ایکوپمنٹ آئیڈینٹیٹی رجسٹر پورٹل، جسے محکمہ ٹیلی کمیونی کیشن نے موبائل چوری اور جعلی آلات کی روک تھام کے لیے تیار کیا ہے، ریاست کے تمام 780 پولیس اسٹیشنوں میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ سی آئی ڈی تلنگانہ اس کے لیے نوڈل ایجنسی کے طورپرکام کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 20 اپریل 2023 سے 26 اپریل 2026 تک کے اعداد و شمارظاہرکرتے ہیں کہ 4.82 لاکھ سے زیادہ آلات کو بلاک کیا گیا، جب کہ 2.82 لاکھ سے زیادہ ٹریس ایبلٹی رپورٹس تیار کی گئیں۔ ان میں سے 1,24,850 موبائل فون کامیابی کے ساتھ تلاش کر کے ان بلاک کر دیے گئے، جو کہ بازیابی کے حوالے سے ایک بینچ مارک بن گیا ہے۔ ڈی جی پی کے مطابق تلنگانہ نے سی ای آئی آرپورٹل کا آغازدیگرپائلٹ ریاستوں جیسے کرناٹک، مہاراشٹر، دہلی اورشمال مشرقی خطوں کے مقابلے دیرسے کرنے کے باوجود نمایاں کامیابی حاصل کی، جس میں پولیس کی تربیت،عوامی بیداری مہمات اورخصوصی تکنیکی ٹیم کااہم کرداررہا۔ اس نظام کو تلنگانہ پولیس سٹیزن پورٹل کے ساتھ بھی جوڑدیا گیا ہے، جس سے شہری اپنے گم شدہ یا چوری شدہ آلات کی آن لائن رپورٹ درج کرا سکتے ہیں۔ باقاعدہ نگرانی، بین محکمہ کوآرڈی نیشن اور تھانے کی سطح پر فوری کارروائی نے بازیابی کی شرح کوبہتربنانے میں اہم کرداراداکیا ہے۔چاروسنہا نے مزید کہاکہ دیگرریاستوں میں استعمال ہونے والے آلات کا سراغ لگانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ سی ای آئی آر اقدام کو ایک شہری دوست سروس قراردیاگیا ہے، جولوگوں کوان کے گم شدہ آلات مؤثر طریقے سے واپس حاصل کرنے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ ریاست بھرمیں موبائل چوری سے نمٹنے کی کوششوں کوبھی مضبوط بناتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق