ترنمول نے پولیس آبزرور کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی
کولکاتا، 28 اپریل (ہ س)۔ اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے سے قبل الیکشن کمیشن اور ترنمول کانگریس کے درمیان ٹکراو تیز ہوتا نظر آرہا ہے۔ منگل کو، ترنمول کانگریس نے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر میں ایک خصوصی پولیس آبزرور ( مشاہد) کے خلاف باقاعدہ شکایت درج
TMC-Targets-Police-Observer


کولکاتا، 28 اپریل (ہ س)۔ اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے سے قبل الیکشن کمیشن اور ترنمول کانگریس کے درمیان ٹکراو تیز ہوتا نظر آرہا ہے۔ منگل کو، ترنمول کانگریس نے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر میں ایک خصوصی پولیس آبزرور ( مشاہد) کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرائی اور کمیشن کی غیر جانبداری پر سنگین سوالات اٹھائے۔

پارٹی لیڈر چندریما بھٹاچاریہ اور سابق وزیر اروپ بسواس نے کولکاتا میں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کا دورہ کیا۔ شکایت درج کروانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چندریما بھٹاچاریہ نے کہا کہ قومی الیکشن کمیشن کے کردار پراب سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کمیشن ایسے اقدامات کر رہا ہے جو بی جے پی کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔

ترنمول کانگریس قائدین نے خاص طور پر جنوبی 24 پرگنہ میں تعینات خصوصی پولیس مشاہد کے رول پر اعتراض کیا۔ اترپردیش سے آئے اس افسر کے تعلق سے چندریما بھٹاچاریہ نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک پرامن اور جمہوری انتخابات کے دوران انکاو¿نٹر اسپیشلسٹ کی شبیہ والے افسر کو مشاہد بنا کر بھیجنے کا کیا مقصد ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس سے منصفانہ انتخابات یقینی ہوں گے یا عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہوگا۔

چندریما بھٹاچاریہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق، مشاہدین محض کمیشن کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، کسی بھی براہ راست کارروائی میں شامل ہونے کے مجاز نہیں ہیں۔ ترنمول کا الزام ہے کہ زیر بحث پولیس مشاہد اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کر رہے ہیں اور براہ راست مہم میں مصروف ہو رہے ہیں۔

پارٹی نے یہ بھی الزام لگایا کہ مقامی پولیس یا خواتین پولیس افسران کی موجودگی کے بغیر رہائشیوں کے گھروں کی تلاشی لی جارہی ہے اور ووٹرز کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ چندریما بھٹاچاریہ نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مرکزی فورسز یا مشاہدین کی دبنگئی کے سامنے ترنمول کانگریس نہیں جھکے گی۔ اس تناظر میں، انہوں نے فلمی لہجے میں کہا، ”پشپا... جھکے گا نہیں۔“ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ترنمول کارکنان اور بنگال کے لوگ خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔

ترنمول قائدین نے بتایا کہ انہوں نے ووٹنگ سے عین قبل رات گئے پارٹی کارکنوں کی بلا اشتعال گرفتاریوں اور نظربندی کے واقعات کے بارے میں کمیشن کے پاس شکایات درج کرائی ہیں اور پارٹی نے ان معاملات میں قانونی کارروائی بھی کی ہے۔

ایم پی اور سینئر وکیل کلیان بنرجی کی قیادت میں مبینہ غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ترنمول کا الزام ہے کہ پارٹی کارکنوں کو ووٹنگ کے عمل کو صرف متاثر کرنے کی نیت سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande