
علی گڑھ, 28 اپریل (ہ س)جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال کے ریسپائریٹری میڈیسن شعبہ کے زیر اہتمام جے این ایم سی ایچ آڈیٹوریم میں ارا میڈیکل کالج، لکھنؤ کے ڈائریکٹر، میڈیکل ایجوکیشن اور نیشنل اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز (یو پی چیپٹر) کے صدر پروفیسر راجندر پرساد نے توسیعی خطبہ پیش کیا۔
اس موقع پر اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان بطور خاص موجود رہے اور مہمان مقرر کو یادگاری نشان پیش کیا۔
”اِنسائیڈ دی چیسٹ: فرام شیڈو ٹو ڈائگنوسٹک“کے عنوان پر اپنے خطبہ میں پروفیسر پرساد نے ریسپائریٹری میڈیسن یعنی تنفسی طب میں جدید طبی فہم اور تشخیصی طریق ہائے عمل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انھوں نے خاص طور پر سینے کی امیجنگ کی تشریح اور اس کے کلینیکل تعلق کی وضاحت کی۔ انہوں نے اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر ریڈیالوجیکل نتائج کے جائزے کے لیے ایک منظم طریقہ کار بیان کیا تاکہ بروقت اور درست تشخیص کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد اور میڈیکل کالج کے پرنسپل و سی ایم ایس پروفیسر انجم پرویز نے تنفسی امراض میں ابتدائی تشخیص کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان میں پلمونولوجی اور طبی تعلیم کے میدان میں پروفیسر راجندر پرساد کی نمایاں خدمات کو سراہا۔
شعبہ تنفسی طب کے چیئرمین پروفیسر محمد شمیم نے کہا کہ یہ پروگرام شعبے کے تعلیمی معیار اور ممتاز ماہرین کے ساتھ مسلسل علمی تبادلے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔تقریب کی نظامت ڈاکٹر لبنیٰ نے کی۔ پروگرام میں فیکلٹی اراکین، پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور انٹرنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس سیشن میں بامعنی مکالمہ اور کیس بیسڈ لرننگ شامل رہی، جس نے شرکاء کے طبی علم میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ