
کسانوں کی حمایت میں کانگریس کا بڑا اعلان، 7 مئی کو مہاراشٹر سے راجستھان بارڈر تک قومی شاہراہ پر مہا چکا جام
بھوپال، 28 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جیتو پٹواری نے منگل کو بدھنی میں منعقدہ کسان آکروش ستیہ گرہ میں مرکز اور ریاستی حکومت پر کسانوں کے ساتھ ناانصافی کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش سے ہی ملک کے مرکزی وزیر زراعت آتے ہیں، اس کے باوجود ریاست کے کسانوں کو سب سے زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جیتو پٹواری نے کہا کہ کسانوں کو کھاد کی کمی، امدادی قیمت پر خریداری میں بدانتظامی، باردانہ کی قلت، سلاٹ بکنگ میں گڑبڑی اور زمین مافیاوں کے ذریعے زمین پر قبضے جیسے سنگین مسائل سے جدو جہد کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت ایک طرف ’’کسان کلیان ورش‘‘ کے نام پر تشہیر کر رہی ہے، وہیں دوسری طرف کسان قرض میں ڈوبا ہوا ہے اور اپنی پیداوار کی مناسب قیمت پانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔
انہوں نے موہن یادو حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گیہوں پر 2700 روپے فی کوئنٹل امدادی قیمت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن کسانوں سے 1800 سے 2200 روپے فی کوئنٹل کی شرح سے خریداری ہو رہی ہے۔ یہ کسانوں کی محنت کے ساتھ ناانصافی ہے۔ مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کے دعوؤں پر بھی نشانہ سادھتے ہوئے پٹواری نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی کئی گنا بڑھانے کے دعوے زمینی حقیقت سے دور ہیں، جس کی مثال ان کے آبائی حلقے بدھنی میں دیکھی جا سکتی ہے۔
کانگریس لیڈر نے وارننگ دی کہ اگر کسانوں کے مسائل کا حل نہیں نکالا گیا، تو 7 مئی کو مہاراشٹر بارڈر سے راجستھان بارڈر تک آگرہ-بمبئی قومی شاہراہ پر مہا چکا جام کیا جائے گا۔ یہ آندولن سین دھوا، بڈوانی، کھرگون، دھار، دیواس، شاہ جہاں پور، گنا، راج گڑھ، شیوپوری، مرینا اور گوالیار سمیت کئی اضلاع میں ایک ساتھ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کا مسئلہ کسی جماعت یا نظریہ سے بالاتر ہے اور کانگریس پارٹی کسانوں کے احترام اور ان کے حقوق کے لیے سڑک سے ایوان تک جدوجہد جاری رکھے گی۔
پروگرام میں رکن اسمبلی سچن یادو، سابق وزیر سجن سنگھ ورما، راج کمار پٹیل، تنظیم کے نائب صدر سکھدیو پانسے، کسان کانگریس کے صوبائی صدر دھرمیندر سنگھ، سیوادل کے صوبائی صدر اونیش بھارگو، مہیلا کانگریس کی صوبائی صدر رینا بورسی اور این ایس یو آئی کے صوبائی صدر آشوتوش چوکسی سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان اور کسان موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن