
شیوپور کی اجتماعی شادی کی تقریب میں 351 جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھے، پروگرام میں ورچوئلی جڑے وزیر اعلیٰ
بھوپال، 28 اپریل (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کے پروگرام جیسے انعقاد موجودہ وقت میں سماجی خدمت کا بہترین ذریعہ بن چکے ہیں۔ اسی مہینے جبل پور اور دھار میں بڑی تعداد میں اجتماعی شادیاں منعقد ہوئی ہیں۔ اس قسم کے پروگرام سماج کی مثبت سوچ اور تبدیلی کے عکاس ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو منگل کو ضلع شیوپور کے کراہل میں منعقدہ شری شری 1008 شری نونار سرکار سلپوری کی اجتماعی شادی کی تقریب کو منترالیہ سے ورچوئلی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ریاست میں مفت اجتماعی شادیوں کے پروگراموں سے غریب والدین کے ماتھے سے تشویش کی لکیریں ختم ہوئی ہیں۔ ریاستی حکومت کے تعاون سے ہو رہے شادی کے پروگراموں سے معاشی طور پر کمزور خاندانوں کی بیٹیوں کی شادیاں دھوم دھام اور وقار کے ساتھ ہو رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے رشتہ ازدواج میں بندھے 351 نئے جوڑوں کی خوشگوار زندگی کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے نئے جوڑوں کو آشیرواد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی محبت، اعتماد اور خوشیوں سے بھری رہے، یہی تمنا ہے۔ آپ سب ایک نہیں بلکہ دو دو خاندانوں کی رونق ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اس موقع پر تمام سماج کے خوشحال لوگوں سے اپنے بچوں کی شادی سادگی والے پروگراموں میں کرنے کا عہد لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جب سماج کے خوشحال لوگ بھی شادی بیاہ میں فضول خرچی بند کریں گے اور اجتماعی شادی کا نظام اپنائیں گے تب ہی یہ عوامی تحریک بن سکے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اجتماعی شادی کے پروگرام کے لیے شری نونار سرکار دھام کمیٹی کو مبارکباد بھی دی۔ سلپوری کے اس اجتماعی شادی کے پروگرام میں مقامی عوامی نمائندے، دولہا دلہن کے خاندان والے اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن