طلبا مسلسل سیکھنے کے عمل کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں : رضوان الرحمن
طلبا مسلسل سیکھنے کے عمل کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں : رضوان الرحمن علی گڑھ، 28 اپریل (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مرکز برائے فروغِ تعلیم و ثقافتِ مسلمانانِ ہند (سیپی کیمی) میں منعقد جلسہ میں ممتاز ترقیاتی ماہر رضوان الرحمٰن نے بطورِ مہمانِ
رضوان الرحمن


طلبا مسلسل سیکھنے کے عمل کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں : رضوان الرحمن

علی گڑھ، 28 اپریل (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مرکز برائے فروغِ تعلیم و ثقافتِ مسلمانانِ ہند (سیپی کیمی) میں منعقد جلسہ میں ممتاز ترقیاتی ماہر رضوان الرحمٰن نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کیا۔ وہ اس وقت حکومت ہند کی وزارتِ ہنر مندی ترقی کے تحت مینجمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ اینڈ پروفیشنل اسکلز کونسل (ایم ای پی ایس سی) کے چیف ایڈوائزر کے منصب پر فائز ہیں، جبکہ اس سے قبل وزارتِ اقلیتی امور کے تحت مانس / ایم اے ای ایف کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اپنے کلیدی خطاب میں جناب رضوان الرحمٰن نے بِرج کورس کے طلبہ سے نہایت دلنشیں اور ولولہ انگیز انداز میں گفتگو کی۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات کی روشنی میں تعلیم کی انقلابی اہمیت، مستقل مزاجی کی قدر و قیمت، اور ایک متحرک و جستجو پسند ذہن کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اہداف پر پوری یکسوئی کے ساتھ قائم رہیں، حالات کے تغیر کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنے کی صلاحیت پیدا کریں، اور مسلسل سیکھنے کے عمل کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں تاکہ دیرپا کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں۔

اس سے قبل،پروفیسر محب الحق، ڈائریکٹر سیپی کیمی نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ انہوں نے معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مرکز کے وژن، اغراض و مقاصد اور تعلیمی فروغ و سماجی ارتقاء کے لیے جاری مختلف سرگرمیوں اور اقدامات کا تعارف پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، سیپی کیمی نے انجام دی، جو اس پروگرام کے روحِ رواں بھی ہیں۔ انہوں نے مرکز کا تعارف پیش کیا اور مہمان و شرکاء کے درمیان بامعنی مکالمے کو مؤثر انداز میں فروغ دیا۔

پروگرام کا اختتام سوال و جواب کی نشست پر ہوا، جس نے طلبہ کو براہِ راست مہمانِ مقرر سے استفادے کا موقع فراہم کیا۔ شرکاء نے اسکل ڈیولپمنٹ، قیادت سازی اور سماجی خدمات کے میدان میں پیشہ ورانہ امکانات کے حوالے سے قیمتی رہنمائی حاصل کی۔ یہ پروگرام سیپی کامی کی ان سنجیدہ کاوشوں کا مظہر ہے، جن کا مقصد بامعنی تعلیمی و پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور انہیں ایک باصلاحیت و بااعتماد فرد کے طور پر تیار کرنا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande