
جموں،28 اپریل (ہ س)۔ ضلع پنچایت الیکشن آفیسر و ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھشیک شرما نے پنچایت ووٹر فہرست نظرثانی-2026 میں سست پیش رفت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) پلنگھر، محتشم حنیف کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مذکورہ افسر، جو اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کے طور پر بھی فرائض انجام دے رہے تھے، اُن کو نظرثانی کے عمل میں تاخیر پر پہلے بھی کئی مرتبہ تنبیہ کی گئی تھی۔ اس سلسلے میں 10 اپریل اور 17 اپریل کو باضابطہ مراسلے بھی جاری کیے گئے تھے۔
حکام نے بتایا کہ 25 اور 26 اپریل کو منعقد خصوصی کیمپوں کے دوران تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی تھی کہ مقررہ وقت کے اندر ووٹر فہرست میں کم از کم 4 فیصد اضافہ یقینی بنایا جائے، تاہم متعلقہ افسر اس ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
ذرائع کے مطابق افسر کی جانب سے ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوتاہی کے باعث ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کا عمل نہ صرف متاثر ہوا بلکہ مقررہ رہنما اصولوں اور ٹائم لائن کی بھی خلاف ورزی کی گئی، جبکہ فیلڈ عملے کی نگرانی میں بھی کمی پائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کوتاہیوں سے نظرثانی کے عمل کی شفافیت اور ساکھ متاثر ہوئی، جس کے پیش نظر مذکورہ افسر کو مزید تحقیقات تک معطل کر دیا گیا ہے۔ دورانِ معطلی انہیں اسسٹنٹ کمشنر پنچایت راجوری کے دفتر سے منسلک کیا گیا ہے اور بغیر پیشگی اجازت ہیڈکوارٹر چھوڑنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر