
گونڈہ، 27 اپریل (ہ س)۔ گونڈہ ضلع کے نواب گنج تھانہ علاقے میں پیر کو ایک خستہ حال پیپل کا درخت اچانک سڑک کے کنارے گر گیا۔ موٹر سائیکل پر سوار دو بھائی اس کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
نواب گنج تھانے کے انچارج ابھے سنگھ نے بتایا کہ پیر کو پپری گاو¿ں کے نزدیک نواب گنج-ترب گنج روڈ پر ایک پرانا پیپل کا درخت اچانک گر گیا۔ بائک سوار رنکو اور امت، جو نکچھید کے بیٹے تھے، اس کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ وہ اپنی موٹر سائیکل پر نواب گنج کی طرف جا رہے تھے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ درخت بہت پرانا تھا اور نیچے سے کافی خستہ ہو چکا تھا۔ درخت کے گرنے کا واقعہ اتنا اچانک ہوا کہ دونوں نوجوانوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملااو ر وہ اس کے نیچے دب گئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے لاشوں کو نکالا گیا اور پنچایت نامہ کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد