
جموں, 27 اپریل (ہ س)جموں میں پولیس ناکہ پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ میں دو خطرناک گینگسٹر ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک شدگان کی شناخت ناگی اور جانو کے طور پر ہوئی ہے، جو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔پولیس حکام نے بتایا کہ ہفتہ کی رات دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ایک ناکہ کے قریب پہنچے۔ پولیس نے جب انہیں رکنے کا اشارہ دیا تو انہوں نے رکنے کے بجائے ناکہ توڑنے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد پولیس نے دفاع میں جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران دونوں ملزمان نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے انہیں ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق ناگی کے خلاف قتل کی کوشش، فساد اور اسلحہ اسمگلنگ سمیت 13 سے زائد مقدمات درج تھے، جبکہ جانو بھی منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔
واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی ہے اور گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی علاقے میں گینگسٹرز اور اسمگلرز کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر