
یومِ ارض کے موقع پر شجرکاری مہم اور بیداری پروگرام منعقد
علی گڑھ، 27 اپریل (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے آفتاب ہال کے ذمہ داران اور طلبہ نے یومِ ارض 2026 کے موقع پرشجرکاری مہم اور بیداری پروگرام منعقد کیا۔ ہال کے پرووسٹ ڈاکٹر نوشاد وحید انصاری نے مہمان خصوصی اور دیگر حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو طلبہ میں ماحولیاتی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دیتی ہیں۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر قدسیہ تحسین (ڈائریکٹر، ڈی ایس ای، اے ایم یو) نے شجرکاری کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کر کے زندگی بخش آکسیجن خارج کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت انسانی غفلت کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ ہر سال کم از کم ایک درخت اپنے نام سے ضرور لگائیں۔
مہمانِ اعزازی پروفیسر محمد اعظم خان (ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈی ایس ای، اے ایم یو) نے ماحولیاتی اخلاقی ذمہ داری پر گفتگو کرتے ہوئے بجلی کی بچت، فضلہ میں کمی اور وسائل کے محتاط استعمال جیسی عادات اپنانے کی تلقین کی۔ مہمانِ اعزازی ڈاکٹر صالحہ جمال (اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈی ایس ای، اے ایم یو) نے عالمی حدت، گلیشیئرز کے پگھلنے اور زیر زمین پانی کی سطح میں کمی جیسے مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر محمد حنیف احمد (جنرل وارڈن) اور جناب محمد اطہر (سینئر ہال) نے بھی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ماحولیات دوست سرگرمیوں میں فعال شرکت کی اپیل کی۔ آخر میں ڈاکٹر محمد حنیف احمد نے اظہارتشکر کیا۔ پروگرام میں رہائشی اور غیر رہائشی وارڈنز، عہدیداران اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ آخر میں ہال کے احاطہ میں شجرکاری کی گئی اور طلبہ نے سرسبز ماحول کے قیام کے لیے عہد بھی کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ