
اے ایم یو کے سالانہ مینجمنٹ فیسٹیول میں ہنر اور ٹیم اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ
علی گڑھ، 27 اپریل (ہ س)۔ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی جانب سے سالانہ مینجمنٹ فیسٹیول ”اساس 2 کے 26“، مورخہ 22 تا 24 اپریل فرینک اینڈ ڈیبی اسلام مینجمنٹ کمپلیکس میں منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی پروفیسر محمد اطہر انصاری، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، اے ایم یو نے مینجمنٹ کے طلبہ کے لئے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کو نہایت مفید قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ ٹیم ورک اور باہمی ہم آہنگی کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مزید ایسے پروگرام منعقد کریں۔ پروفیسر محمد نوید خان، ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ نے اَساس کے قیام اور اس کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل پروفیسر سلمیٰ احمد، چیئرپرسن، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہترین مینیجر وہ نہیں ہوتے جو صرف بیلنس شیٹ یا سپلائی چین کو سمجھتے ہوں، بلکہ وہ ہوتے ہیں جو انسانی پہلو کو بھی سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا ”اَساس طلبہ کے ذہنوں کو نکھارنے کا ایک پلیٹ فارم ہے، جہاں وہ کلاس روم میں سیکھے گئے تصورات کو عملی طور پر پیچیدہ مسائل کے حل میں استعمال کرتے ہیں اور ایسے پروگرام انہیں باصلاحیت مینیجر بنانے میں مددگار ہوتے ہیں“۔
اَساس 2کے 26 کے فیکلٹی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اسد رحمن نے پروگرام کی رپورٹ پیش کی اور اس کے تحت منعقدہ سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، جن میں کیس اسٹڈی، 20 کوئشچنس، ڈمب شراڈز، بیت بازی، گروپ ڈسکشن، اسپورٹس کوئز اور مینجمنٹ کوئز جیسے مقابلے شامل تھے۔ اس کے علاوہ غزل پروگرام، میوزیکل ایوننگ اور مشاعرہ بھی منعقد کیا گیا۔
ڈاکٹر زرین حسین فاروقی نے اظہار تشکر کیا، جبکہ ایم بی اے (ایچ اے) کی طالبہ مس فاطمہ حسن نے افتتاحی اجلاس کی نظامت کی۔ محمد ایان شارق اور اکبر صدیقی پروگرام کے اسٹوڈنٹ کوآرڈینیٹر تھے، جبکہ محمد اسند اور دانش فاروقی شریک کوآرڈینیٹر تھے۔
ججوں کے پینل میں پروفیسر نکہت نسرین (شعبہ تعلیم)، پروفیسر شرمین خان (شعبہ آرکیٹیکچر)، ڈاکٹر محمد ناصر (شعبہ قانون)، پروفیسر جمال احمد فاروقی اور ڈاکٹر طارق عزیز (شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن) شامل تھے۔ بیت بازی کے مقابلے میں شہیر عبداللہ کی قیادت میں واصف اقبال اور خالد فیصل (شعبہ غیر ملکی السنہ) پر مشتمل ٹیم میر تقی میر نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مینجمنٹ کوئز میں شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی انعمت جمال، آدیا شرما اور الفیہ خان فاتح قرار پائیں۔ کیس اسٹڈی مقابلے میں سید عتیق علی (شعبہ کامرس) کی قیادت میں زویا اقبال (شعبہ معاشیات) اور مائشہ خوشنود (شعبہ حیوانیات) پر مشتمل ٹیم نوکٹِس نے کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح بی ایس سی کیمسٹری کی طالبہ دانیا حسن نے گروپ ڈسکشن میں پہلا مقام حاصل کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ