
جموں, 27 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے ڈوڈہ اور کٹھوعہ اضلاع میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کے دوران چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ پولیس نے منشیات اور 23 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد کی ہے۔ ڈوڈہ میں پولیس نے ڈھاک محلہ علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر 85 گرام مشتبہ براؤن شوگر اور بھاری نقدی برآمد کی۔ اس دوران ایک خاتون زرینہ بیگم سمیت تین افراد کو تحویل میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کافی عرصے سے نگرانی میں تھیں اور منشیات فروشی میں مبینہ طور پر ملوث تھیں۔ ان کی بیٹی اور داماد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ایس پی محمد اسلم نے بتایا کہ زیر حراست افراد کے کردار کی جانچ کی جا رہی ہے اور مزید کارروائی تحقیقات کی بنیاد پر کی جائے گی، جبکہ دیگر مشتبہ مقامات پر بھی چھاپے جاری ہیں۔
ادھر کٹھوعہ ضلع میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران تین منشیات فروشوں پردیپ سنگھ، رئیس بٹ اور علی سین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہیروئن برآمد کی۔ پولیس کے مطابق علی سین سے سب سے زیادہ 303 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جبکہ دیگر ملزمان سے بھی قلیل مقدار میں منشیات ضبط کی گئی۔ تینوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
اسی دوران ادھم پور ضلع میں پولیس نے منشیات سے متعلق دو مقدمات میں 73 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جائیدادیں ضبط کیں۔ ان میں ایک مکان، کار، موٹر سائیکل اور دیگر سامان شامل ہیں، جو کہ ایک ملزم سیف علی سے منسلک بتائے جاتے ہیں۔
پولیس نے ایک اور کارروائی میں ڈوڈہ کے رہائشی دانش بٹ کی ملکیت کار بھی ضبط کر لی، جس کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق تمام معاملات میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر