سرکاری ملازمتوں پر تقررات کیلئے عمر کی حد میں رعایت ختم
حیدرآباد، 27 اپریل (ہ س)۔ تلنگانہ حکومت نے سرکاری جائیدادوں پر راست تقررات کے لئے عمرکی حد میں جو رعایت دی تھی وہ ختم ہوچکی ہے اور حکومت کی جانب سے کوئی توسیع کا امکان نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی نے الیکشن سے قبل 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا نوٹیفکیشن
سرکاری ملازمتوں  پر تقررات کیلئے عمر کی حد میں رعایت ختم


حیدرآباد، 27 اپریل (ہ س)۔ تلنگانہ حکومت نے سرکاری جائیدادوں پر راست تقررات کے لئے عمرکی حد میں جو رعایت دی تھی وہ ختم ہوچکی ہے اور حکومت کی جانب سے کوئی توسیع کا امکان نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی نے الیکشن سے قبل 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا اور ڈھائی برسوں میں 67 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ حکومت نے تقررات کے لئے عمر کی حد میں 12 سال کی رعایت دی تھی۔ راست تقررات کے لئے عمر کی حد 34 سال ہے اور حکومت نے 2 سال کی رعایت دیتے ہوئے اسے 46 برس مقررکیا تھا۔ 2 سال گذرنے کے بعد یہ رعایت از خود ختم ہوچکی ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے حال ہی میں پولیوشن کنٹرول بورڈ میں اسسٹنٹ سائنٹسٹ کی 20 جائیدادوں پر تقررات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن میں امیدواروں کی عمر 18 تا 34 سال طے کی گئی ہے۔ یکم جولائی 2026 تک امیدواروں کی عمر 18 تا 34 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔ بی آرایس دور حکومت میں 63 جائیدادوں کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں عمر کی حد 44 سال مقرر کی گئی تھی۔ سابق میں بی آر ایس حکومت نے 2022 میں سرکاری جائیدادوں پر راست تقررات کے لئے عمر کی حد میں 10 سال کی رعایت دی تھی جس کے تحت عام زمرہ میں تقررات کے لئے عمر کی حد 34 سے 44 برس کی گئی۔ ایس سی، ایس ٹی اوربی سی طبقات کے امیدواروں کے لئے 49 برس اور معذورین کے لئے 54 برس عمر کی حد مقرر کی گئی جس کے نتیجہ میں 18 تا 54 سال عمر کے کئی افراد کو روزگار حاصل ہوا۔ کانگریس نے برسر اقتدار آنے کے بعد عمر کی حد میں مزید 2 برس تک رعایت کو توسیع دی جس کے تحت عام زمرہ میں تقررات کے لئے عمر کی حد 46 مقرر کرتے ہوئے فروری 2026 تک توسیع دی گئی تھی۔ اس مدت کے دوران گروپ II، III اور IV جائیدادوں کے علاوہ پولیس اور فارسٹ ڈپارٹمنٹس میں تقررات کے لئے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں امیدواروں کو فائدہ نہیں پہنچا۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن نے مدت کے اختتام سے قبل ہی جنوری میں حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے رعایت میں توسیع کی درخواست کی لیکن حکومت کی جانب سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پبلک سرویس کمیشن نے عمر کی سابق حد کو برقرار رکھتے ہوئے اسسٹنٹ سائنٹسٹ کی جائیدادوں پر تقررات کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ رجسٹریشن کا کل سے آغاز ہوگا اور 25 مئی تک درخواست داخل کی جاسکتی ہیں۔ نوٹیفکیشن کی تفصیلات پبلک سرویس کمیشن کے ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande