
علی گڑھ, 27 اپریل (ہ س) ۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) نے کینیڈی آڈیٹوریم میں ”اسپیکٹرم 2.0“ کا انعقاد کیا، جس کا ہدف طلبہ کو کارپوریٹ لیڈروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور پروفیشنل برانڈنگ اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بدلتے رجحانات سے آگاہ کرنا تھا۔
تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر محمد گلریز، شعبہ ویسٹ ایشین اینڈ نارتھ افریقن اسٹڈیز، اے ایم یو نے طلبہ کو محض ملازمت تلاش کرنے کے بجائے مواقع پیدا کرنے اور روزگار فراہم کرنے والا بننے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کاروباری سوچ اپنانے اور معیشت میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
مہمانِ اعزاز ی، علی گڑھ کے سینئر پولیس کپتان مسٹر نیرج کمار نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ کو مستقل مزاجی اور جستجو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ انھوں نے طلبہ کو لگاتار محنت کرتے رہنے کا مشورہ دیا۔
اس سے قبل پروگرام کا آغاز ڈاکٹر سُہالیہ پروین، اسسٹنٹ ٹی پی او (جنرل) کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جبکہ ڈاکٹر مزمل مشتاق، اسسٹنٹ ٹی پی او (جنرل)، نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ طلبہ اپنی صلاحیتوں کو عالمی منڈی کی تیزی سے بدلتی ضروریات کے مطابق ڈھالیں۔
پروگرام کے کئی سیشن منعقد ہوئے جس میں مسٹر محمد شعیب ،مسٹر الطاف حسین،محترمہ نمیتا پانڈے، مسٹر سریجن انڈیا، اور محترمہ شردھا ڈی نے موضوع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں طلبا وطالبات نے شرکت کی
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ