
علی گڑھ, 27 اپریل (ہ س) شعبہ امراضِ تنفس، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے زیر اہتمام 28 اپریل کو دوپہر 12 بجے جے این میڈیکل کالج آڈیٹوریم میں ”انسائیڈ دی چیسٹ: فرام شیڈوز ٹو ڈائیگنوسس“ کے عنوان پر ایک توسیعی خطبہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ توسیعی خطبہ پدم شری پروفیسر راجندر پرساد پیش کریں گے، جو پلمونری میڈیسن کے ممتاز ماہر ہیں اور ڈاکٹر بی سی رائے نیشنل ایوارڈ سے نوازے جاچکے ہیں۔ وہ اس وقت ڈائریکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ایرا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے شعبہ پلمونری میڈیسن سے وابستہ ہیں۔
پروفیسر پرساد نیشنل اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز، انڈیا میں ایمیریٹس پروفیسر بھی ہیں۔ اس سے قبل وہ کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں ولبھ بھائی پٹیل چیسٹ انسٹی ٹیوٹ (وی پی سی آئی)، دہلی کے ڈائریکٹر، کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو)، لکھنؤ میں شعبہ پلمونری میڈیسن کے سربراہ، اور یو پی رورل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ، سیفئی کے ڈائریکٹر کے عہدے شامل ہیں۔
پروفیسر محمد شمیم، چیئرمین، شعبہ امراضِ تنفس نے بتایا کہ اس لیکچر میں چیسٹ امیجنگ اور کلینیکل تشریح کے ارتقائی پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ اس میں یہ واضح کیا جائے گا کہ ریڈیولوجیکل جانچ، جیسے ایکس رے اور سی ٹی اسکین میں نظر آنے والے باریک شیڈوزکا کس طرح سے تجزیہ کیا جاتا ہے اور انہیں کلینیکل شواہد کے ساتھ مربوط کر کے درست تشخیص تک پہنچا جاتا ہے۔ اس خطبہ میں پھیپھڑوں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، جدید تشخیصی طریقوں اور امیجنگ تکنیک کو جدید کلینیکل فیصلہ سازی کے ساتھ مربوط کرنے جیسے امور پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ