
پٹنہ، 26 اپریل(ہ س)۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے اتوار کے روز مونگیر ضلع کے اثرگنج بلاک کے ڈھول پہاڑی میں ماحولیاتی سیاحت کے کام اور اچیشور ناتھ دھام دیو گھرا ، ٹیٹیا بمبر(مونگیر) میں کئی سیاحتی کام کانام کی تختی کی نقاب کشائی کر کے سنگ بنیاد رکھا ۔ افسران نے وزیر اعلیٰ کو سائٹ پلان اور پرپوزل لے آئوٹ کے توسط سے ڈھول پہاڑی اور اچیشور ناتھ دھام دیوگھرا ، ٹیٹیابمبر کے ایکو ٹورزم کے کام کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرائی۔
وزیر اعلیٰ نے ڈھول پہاڑی دیوی درگا مندر میں پوجا کی اور ریاست کے لیے امن، خوشحالی کے لیے دعا کی۔
غور طلب ہے کہ ڈھول پہاڑی مونگیر ضلع کے اثر گنج بلاک میں واقع ایک شاندار قدرتی خوبصورت مرکز ہے۔ چاروں طرف پھیلی ہریالی اور پر سکون ماحول اسے پرکشش سیاحتی مقام بناتا ہے۔ اثر گنج مارکیٹ سے اس کی نزدیکی ہو نے کے سبب مقامی اور بیرونی سیاحوں کے یہاں پہنچنا بہت آسان ہے ۔پہاڑی کی بلندی سے نظر آنے دلکش نظارے فطرت سے محبت کرنے والوں کو خاص طور پر دلکش ہیں۔
مذہبی نکتہ نظر سے ڈھول پہاڑی کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ یہاں کا قدیم شیو مندر عقیدت کا ایک بڑا مرکز ہے، جو ساون کے مہینے میں عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ مقامی عقائد کے مطابق، اس جگہ کو بھگوان شیو کی خصوصی برکت حاصل رہتی ہے۔ تاریخی طور پر ڈھول پہاڑی اپنی منفرد چٹانوں اور قدرتی خصوصیات کے لیے مشہور ہے۔ یہ علاقہ زمانہ قدیم سے انسانی سرگرمیوں اورعوامی ثقافت کا مرکز رہا ہے۔ مقامی داستانوں کے مطابق یہ جگہ انقلابیوں کا خفیہ مقام تھا ۔ برطانوی فوجوں کی آمد کا اعلان کرنے کے لیے انقلابی یہاں سے ڈھول بجاتے تھے، جس کے سبب اس نام ’ڈھول پہاڑی‘ پڑا۔
اس وقت حکومت کے ذریعہ ڈھول پہاڑی کو ایک جدید ماحولیاتی سیاحت کے مرکز کے طور پر ترقی دی جارہی ہے۔ اس کے لیے محکمہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے ذریعہ 1249 کروڑ روپے کے منصوبے کو منظوری دی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت راستوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی، سیکورٹی، گرین اسپیس کی توسیع، ایک بڑے شیو مجسمہ، پختہ راستے، سیڑھیاں، پارکنگ، اور داخلی دروازے شامل ہیں۔ بھگوان شیو کی مورتی بھی نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔
اچیشور ناتھ دھام مونگیر ضلع کے ٹیٹیا بمبر بلاک کے تحت دیوگھرا گاؤں میں واقع ہے۔ یہ مندرایک اونچی پہاڑی پر بنا ہے۔ اس کے چاروں طرف گھنے جنگل اور خوبصورت پہاڑہیں۔یہاں قدرتی خوبصورتی اور اونچائی ذہن کو متوجہ کرتی ہے اور سکون کا ایک منفرد احساس فراہم کرتی ہے۔ شری اوچیشور ناتھ مندر کو اس خطے کا سب سے مقدس مقام شیو مندر سمجھا جاتا ہے۔ اس دھام کی تاریخ بہت قدیم ہے۔ مقامی عقائد کے مطابق، یہاں موجود شیولنگ صدیوں قدیم ہے اور مندر خطے کی ثقافتی اور مذہبی شناخت کا ایک اہم ستون ہے۔ مہاشیو راتری اور ساون کے دوران یہاں ایک بہت بڑا میلہ لگتا ہے، جہاں لاکھوں عقیدت مند جلبھیشیک کے لیے آتے ہیں۔ ایکو ٹورازم پلان کو منظوری دی گئی ہے جس کی کل لاگت 26.31 کروڑ روپے ہے۔ حکومت اس دھام کو اہم ماحولیاتی سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دے رہی ہے۔ یہاں عقیدت مندوں اور سیاحوں کے لیے تمام سہولیات تیار کی جا رہی ہیں۔ اس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ خطے میں روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔
سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے بیجل پور، لکھن پور، تارا پور اور دیگر مقامات پر روڈ شو کیا۔ روڈ شو کے دوران مقامی لوگوں نے وزیر اعلیٰ کی پہلی مرتبہ آمدپر ڈھول ،نگاڑے ، آتش بازی اور پھولوںکی بارش کے درمیان مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سب کی مبارکباد قبول کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan