
حیدرآباد ، 26 اپریل (ہ س) ۔
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کومضبوط بنایا جائے اوردرخواستوں کو تیزی سے نمٹانے کے لیے پرجا وانی پروگرام کوزمینی سطح تک وسعت دی جائے۔ اتوارکوایم سی ایچ آرڈی میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ میں، وزیراعلیٰ نے چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ اورسینئر حکام کو ہدایت دی کہ شہریوں کو طویل مسافت طے کرنے سے بچانے کے لیے پرجاوانی خدمات کا دائرہ ضلعی ہیڈ کوارٹرسے بڑھا کرریونیو ڈویژن کی سطح اوربعد ازاں منڈ لوں تک کیا جائے۔ پرجا وانی پروگرام کا آغاز 8 دسمبر2023 کو کیا گیا تھا، جس کے تحت عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ایک منظم نظام قائم کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ پروگرام پرجا بھون، حیدرآباد میں ہفتے میں دو بارمنعقد ہوتا ہے جہاں مختلف محکموں کے افسران عوامی مسائل سنتے اوران کا اندراج کرتے ہیں، جبکہ اسی طرزکے اجلاس ضلعی سطح پر کلکٹرز کی نگرانی میں بھی جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ تمام شکایات کے اندراج، ٹریکنگ اوربروقت حل کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور ریئل ٹائم سسٹم تیار کیا جائے، ہر سطح پرنوڈل افسران مقرر ہوں اور متعلقہ محکموں میں خصوصی ’پرجا وانی ونگ‘ قائم کیے جائیں۔ مزید برآں، غیرحل شدہ معاملات کو اعلیٰ حکام تک خودکار طریقے سے پہنچانے کے لیے آٹوایسکلیشن اوراپیل کا نظام نافذ کیا جائے، جبکہ ڈیش بورڈ کے ذریعے مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے اورتاخیرکو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق اس پروگرام کی ڈی سنٹرالائیزیشن سے زیر التوا معاملات میں کمی آئے گی، مقامی سطح پر فوری حل ممکن ہوگا اور عوام کا حکومت پراعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق