
جھانجھڑ گاوں میں کارروائی کے دوران ہنگامہ، 500 سے زائد افسران و اہلکار تعینات، محکمہ جنگلات کی مہم جاری
برہان پور، 26 اپریل (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے ضلع برہان پور کے نیپا نگر رینج کے تحت موضع جھانجھڑ میں اتوار کو تجاوزات ہٹانے پہنچی محکمہ جنگلات، پولیس اور انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم پر پتھراو ہو گیا۔ واقعہ صبح تقریباً 11 بجے پیش آیا، جس میں جے سی بی آپریٹر سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے ایک ڈرائیور کو ایمبولینس کے ذریعے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق، محکمہ جنگلات طویل عرصے سے بیرونی تجاوزات کرنے والوں کو ہٹانے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ طے شدہ پروگرام کے تحت اتوار کو مہم شروع کی گئی، لیکن کارروائی کے دوران اچانک صورتحال کشیدہ ہو گئی اور تجاوزات کرنے والوں نے پتھراو شروع کر دیا۔
زخمی جے سی بی ڈرائیور کمل بنسل نے بتایا کہ تجاوزات کرنے والوں نے مشین پر پتھر پھینکے، جس سے اسٹیئرنگ بے قابو ہو گیا اور جے سی بی پلٹ گئی۔ حادثے میں اس کے سر میں چوٹ آئی۔ اس نے الزام لگایا کہ تقریباً 150 سے زائد افراد نے اچانک حملہ کر دیا، جس سے موقع پر افراتفری مچ گئی۔ پولیس اور جنگلات کے اہلکار جان بچا کر بھاگے۔ اسے فارسٹر وجے چورے اسپتال لیکر آئے، جہاں چوکی انچارج سلیم خان نے بیان درج کیے۔
محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق، واقعے میں کل چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تمام کو ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے اور صورتحال قابو میں بتائی جا رہی ہے۔ برہان پور فارسٹ ڈویژن کے ایس ڈی او اجے ساگر نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی ٹیم جھانجھڑ میں تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کے لیے پہنچی تھی۔ اسی دوران کچھ لوگوں کی جانب سے پتھراو کیا گیا، جس میں ایک جے سی بی ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ ڈرائیور کے سر میں چوٹ آئی ہے، اسے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال حالت بہتر ہے۔ واقعے میں کوئی دوسرا شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔
ڈی ایف او ودیا بھوشن سنگھ کے مطابق، نیپا نگر رینج میں بڑے پیمانے پر تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس میں برہان پور کے علاوہ کھنڈوا، کھرگون اور بڑواہ سے فارسٹ فورس کو بلایا گیا ہے۔ پولیس اور انتظامی افسران سمیت تقریباً 500 سے زائد افسران و اہلکار جے سی بی اور دیگر وسائل کے ساتھ مہم میں مصروف ہیں۔ ہفتہ کی شام کو ہی برہان پور پولیس لائن میں فورس جمع کر لی گئی تھی، جس کے بعد اتوار کی صبح سے کارروائی شروع کی گئی۔ واقعے کے بعد بھی ٹیم جنگلاتی علاقے میں ڈٹی ہوئی ہے اور مہم جاری ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ نیپا نگر اور ناورا رینج میں گزشتہ چند سالوں میں بڑے پیمانے پر جنگلات کی کٹائی اور تجاوزات کے معاملات سامنے آئے تھے۔ تقریباً ڈھائی سال پہلے انتظامیہ نے مہم چلا کر 1000 سے زائد عارضی قبضے ہٹائے تھے اور بڑے پیمانے پر شجرکاری کرائی گئی تھی۔
محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ پہلے نوٹس دے کر لوگوں کو ہٹنے کے لیے کہا گیا تھا، لیکن کئی بیرونی لوگ اب بھی قبضہ کیے ہوئے ہیں۔ ایسے لوگوں کی نشاندہی کر کے اب قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اہل مستفیدین کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے، جبکہ بغیر کسی قانونی دستاویز کے قبضہ کرنے والوں کو ہٹایا جائے گا۔
پتھراو کے واقعے کے بعد علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے صورتحال کو قابو میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات ہٹانے کی کارروائی مرحلہ وار طریقے سے جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن