
حیدرآباد ، 26 اپریل (ہ س)۔
تلنگانہ حکومت نے ڈیجیٹل گورننس کے میدان میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری اسکولس کے طلبہ کے سالانہ نتائج جاری کرنے کے طریقہ کارمیں انقلابی تبدیلی متعارف کرائی ہے۔ اب کلاس 5 سے 9 ویں جماعت تک کے طلبہ کے پروگریس کارڈ براہ راست والدین کے واٹس ایپ نمبر پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے روایتی نظام میں بڑی آسانی پیدا ہوئی ہے۔ محکمہ آئی ٹی کی نگرانی میں می سیوا کے تکنیکی تعاون سے اس منصوبہ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا جس کے تحت 18 لاکھ سے زائد طلبہ کے نتائج ان کے گھروں تک ڈیجیٹل طور پر پہنچائے جارہے ہیں۔ ماضی میں والدین کو نتائج حاصل کرنے کیلئے اسکولس جانا پڑتا تھا لیکن اب اس جدید نظام کے ذریعہ نہ صرف وقت کی بچت ہورہی ہے بلکہ طلبہ کی کارکردگی پرمسلسل نظررکھنا آسان ہوگیا ہے۔ اس اقدام سے پیپر لیس سسٹم کو فروغ ملا ہے اورتعلیمی شعبہ میں ٹکنالوجی کے مؤثر استعمال کی نئی مثال قائم ہوئی ہے۔ اساتذہ اور والدین نے اس سہولت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف سہولت میں اضافہ ہوا ہے تلنگانہ حکومت کا یہ قدم دیگر ریاستوں کیلئے بھی ایک مثالی ماڈل ثابت ہوسکتا ہے۔۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق