
علی گڑھ, 26 اپریل (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انڈرگریجویٹ ہسٹری کلب نے شعبہ تاریخ میں ”قومی تعلیمی پالیسی 2020: رہنمائی اور کاؤنسلنگ“ کے موضوع پر ایک ورکشاپ منعقد کی۔ پروگرام کی کوآرڈنیٹر ڈاکٹر انیسہ اقبال صابر تھیں۔ کلب کی سالگرہ کے موقع پر’کاروانِ نو‘ کے عنوان سے منعقدہ اس پروگرام میں طلبہ و اساتذہ کی بھرپور شرکت رہی۔ اپنے کلیدی خطاب میں، اے ایم یو کے این ای پی سیل سے وابستہ جناب نثار احمد خان نے نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2020 کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی اور روایتی 10+2 نظام سے5+3+3+4 نظام کی طرف منتقلی کی وضاحت کی۔ انہوں نے اس پالیسی میں ملٹی ڈسپلینری لرننگ، مضامین کے انتخاب میں لچک، ہنر فروغ اور طالب علم مرکوز و ہمہ جہتی تعلیمی نقطہ نظر کی مختلف جہات پر روشنی ڈالی۔
پروگرام کا اختتام ایک بامعنی تبادلہ خیال پر ہوا، جس میں طلبہ نے رہنمائی، مضامین کے انتخاب میں لچک اور داخلہ و اخراج کے اختیارات کے نفاذ سے متعلق سوالات کئے اور اپنے شکوک و شبہات کا ازالہ کیا۔ اس موقع پر 2025–2026 سیشن کے لئے کلب کے اراکین میں اسناد تقسیم کی گئیں، جس کے بعد ایگزیکیٹیو اراکین نے اپنے تجربات اور تاثرات کا اظہار کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ