
جموں, 26 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع اُدھمپور میں سیلز ٹیکس محکمہ کی انفورسمنٹ ٹیم نے جی ایس ٹی قوانین کی خلاف ورزی پر ایک تاجر پر 6.29 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
محکمہ کے ترجمان کے مطابق کارروائی اُس وقت عمل میں لائی گئی جب مذکورہ تاجر کو بغیر مناسب دستاویزات کے سامان کی نقل و حمل کرتے ہوئے پایا گیا، جو جی ایس ٹی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قابلِ اعتماد ذرائع سے موصولہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تاجر تقریباً 12 دن سے نگرانی میں تھا۔ آر ایف آئی ڈی ٹریکنگ کی مدد سے سامان کی نقل و حرکت پر مؤثر نظر رکھی گئی اور کامیابی کے ساتھ اسے روک لیا گیا۔
یہ کارروائی انسپکٹر انل پریہار کی قیادت میں انجام دی گئی۔ترجمان کے مطابق اس آپریشن کی نگرانی اسٹیٹ ٹیکس آفیسر ساہیدہ اختر نے کی جبکہ اسے ڈپٹی کمشنر اسٹیٹ ٹیکسز انفورسمنٹ جموں نارتھ (ہیڈکوارٹر اُدھمپور) انل کمار چندیل کی مجموعی رہنمائی میں انجام دیا گیا۔
کمشنر اسٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ پی کے بھٹ اور ایڈیشنل کمشنر جموں نمریتا ڈوگرا نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی اسی طرح کی مؤثر کارروائیاں جاری رکھنے اور جی ایس ٹی قوانین کی سختی سے عملداری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر