
جموں، 26 اپریل (ہ س)۔
ضلع ڈوڈہ میں منشیات مخالف مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے اور پولیس نے اتوار کے روز ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت عمل میں لائی گئی۔ ایڈیشنل ایس پی محمد اسلم نے بتایا کہ پولیس نے صدیقہ آباد علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران منشیات کے کاروبار میں ملوث دو خواتین کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 23 لاکھ روپے نقد رقم اور تقریباً 80 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کافی عرصے سے ان ملزمان کی نگرانی کر رہی تھی۔ ایس ایس پی ڈوڈہ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے دو مختلف گھروں پر چھاپے مارے، جس کے دوران ایک اور ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدگان ضلع میں نوجوانوں کو منشیات سپلائی کر کے انہیں تباہی کی طرف دھکیل رہے تھے۔ اس سلسلے میں پولیس تھانہ ڈوڈہ میں ملزمان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر