
علی گڑھ, 26 اپریل (ہ س)جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فارماکولوجی کے چیئرمین ڈاکٹر سید ضیاء الرحمن نے سنسکرتی یونیورسٹی، متھرا میں منعقدہ زرعی ٹکنالوجی، نباتات اور ہیلتھ سائنسز سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی اے پی ایچ ایس-2026) میں کلیدی خطبہ پیش کیا۔
کلیدی اجلاس کی صدارت ممتاز ماہرین نے کی، جن میں ڈاکٹر اے کے سنگھ، وائس چانسلر، رانی لکشمی بائی سینٹرل ایگریکلچرل یونیورسٹی؛ ڈاکٹر ابھیجیت مترا، وائس چانسلر، دکشنانچل ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز یونیورسٹی؛ ڈاکٹر این ایس راٹھور، سابق وائس چانسلر، مہارانا پرتاپ یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ ٹکنالوجی اور سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، آئی سی اے آر؛ اور ڈاکٹر ایم بی چیٹی، وائس چانسلر، سنسکرتی یونیورسٹی شامل تھے۔
ڈاکٹر رحمن نے کانفرنس کے نیشنل ایڈوائزری بورڈ کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور اس کے تعلیمی و سائنسی خاکے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے ”الائیڈ سائنسز اور بایومیڈیکل انٹیگریشن“ کے عنوان پر ایک سائنسی اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں تشخیص، غذائی جائزہ اور ٹرانسلیشنل ریسرچ کو فروغ دینے میں الائیڈ ہیلتھ اور بایومیڈیکل سائنسز کے باہمی اشتراک پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس اجلاس میں فوڈ ٹاکسیکولوجی، مائیکروبایولوجی، پروٹیومکس، نیوٹریشنل بایو کیمسٹری اور غذائیت سے متعلق عوارض میں بایومارکرز جیسے ابھرتے ہوئے موضوعات پر پرزنٹیشن ہوئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ