
اے ایم یو میں مختلف کورسیز کے داخلہ امتحانات خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئے
علی گڑھ،26 اپریل (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اتوار کو سینئر سیکنڈری اسکول سر ٹیفکیٹ (سائنس اسٹریم) / ڈپلوما انجینئرنگ، سینئر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ہیومینیٹیز/ کامرس اسٹریم)، ایس ایس ایس سی (بِرج کورس) اور بی اے ایل ایل بی پروگراموں کے داخلہ امتحانات علی گڑھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں قائم مراکز پر خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئے۔
سینئر سیکنڈری اسکول (سائنس اسٹریم) / ڈپلوما انجینئرنگ کے لیے 26,393 امیدواروں نے درخواست دی تھی جن میں سے 22764 امیدوار علی گڑھ سمیت، امپھال، کولکاتہ، لکھنؤ، میرٹھ، پٹنہ، رامپور، کشن گنج، سری نگر، مرشدآباد اور کوزی کوڈ میں قائم 44 مراکز پر داخلہ امتحان میں شامل ہوئے۔ دن کے دوسرے وقفہ میں سینئر سیکنڈری اسکول (ہیومینیٹیز/کامرس)، ایس ایس ایس سی (بِرج کورس)، اور بی اے ایل ایل بی پروگرام کا داخلہ امتحان منعقد ہوا جن کے لئے بالترتیب 6,862، 200 اور 5,292 امیدواروں نے فارم پُر کئے تھے۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، پراکٹر پروفیسر محمد نوید خان اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ یونیورسٹی کیمپس میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا تاکہ امتحانات کے ہموار انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اپنے پیغام میں وائس چانسلر نے امتحانات کے منظم انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور یونیورسٹی عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے داخلہ عمل میں شفافیت اور منصفانہ طرز عمل کے لیے اے ایم یو کے عزم پر زور دیا۔ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری نے کہا کہ امتحانات کو خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد کرنے کے لیے تمام مراکز پر مشاہد اور نگراں تعینات کئے تھے اور وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے تھے۔
یونیورسٹی کی این ایس ایس یونٹ نے کیمپس میں کئی مقامات پر امدادی کیمپ لگائے، جہاں امیدواروں کی رہنمائی کی گئی اور بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔ این ایس ایس رضاکاروں نے مراکز پر امیدواروں کی معاونت اور نظم و ضبط برقرار رکھنے میں تعاون اور مثالی خدمت کا مظاہرہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ