
جموں و کشمیر میں سیکورٹی اور ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پارلیمانی کمیٹیوں کا دورہ متوقع
جموں، 20 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں سیکورٹی اور ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے آئندہ ماہ دورے متوقع ہیں، جن میں امورِ داخلہ کی کمیٹی بھی شامل ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کمیٹیاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، سول و پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ فریقین سے ملاقاتیں کریں گی اور اپنی رپورٹ پارلیمنٹ کو پیش کریں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ امورِ داخلہ کی کمیٹی، جس کی سربراہی رکن پارلیمنٹ رادھا موہن داس اگروال کر رہے ہیں، انسداد دہشت گردی اقدامات، سرحدی دراندازی اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ دیگر کمیٹیاں ترقیاتی منصوبوں، مرکزی اسکیموں کے نفاذ اور پنچایتی راج اداروں سے متعلق امور کا بھی معائنہ کریں گی۔
شیڈول کے مطابق امورِ داخلہ کمیٹی 10 مئی سے کٹرا سے اپنے دورے کا آغاز کرے گی اور بعد ازاں سرینگر، گلمرگ اور سونمرگ کا دورہ کرے گی۔ کمیٹی کرگل بھی جائے گی جہاں سرحدی سیکورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔
راجیہ سبھا سکریٹریٹ نے دوروں سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر پیشگی اجازت کسی رکن کے ساتھ اضافی افراد کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دوروں سے جموں و کشمیر میں معمولات زندگی کی بحالی کا مثبت پیغام جائے گا اور سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر