
ایل جی اور وزیر اعلی نے ادھم پور سڑک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا
جموں، 20 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پیش آئے المناک سڑک حادثے پر ایل جی منوج سنہا اور وزیر اعلی عمر عبداللہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حکام کے مطابق پیر کی صبح ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہو گئی جس کے باعث کم از کم 15 افراد جاں بحق جبکہ 20 دیگر زخمی ہوگئے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ادھم پور کا یہ افسوسناک حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ متاثرین کو فوری راحت اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ادھر سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر