
ممبئی ، 20 اپریل (ہ س)۔ تھانے ضلع کے ڈومبیولی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیر، کی صبح ایک لوکل ٹرین کا ڈبہ پٹری سے اتر جانے کے باعث مرکزی ریلوے کی خدمات متاثر ہو گئیں۔ واقعے کے بعد ریلوے کی مرمتی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔
مرکزی ریلوے کے ترجمان کے مطابق ایک خالی لوکل ٹرین کلوا کار شیڈ سے کلیان کی جانب جا رہی تھی کہ ڈومبیولی اسٹیشن کے علاقے میں اس کا ایک ڈبہ اچانک پٹری سے اتر گیا۔ چونکہ ٹرین خالی تھی، اس لیے اس حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام حرکت میں آ گئے اور پٹری سے اترے ہوئے ڈبے کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ ریلوے لائن کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس واقعے کے سبب لوکل ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
دریں اثنا، پنویل ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 7 پر ایک الگ واقعہ میں لفٹ اچانک پہلی منزل سے نیچے گر گئی، جس کے نتیجے میں اس میں سوار چار مسافر معمولی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر لفٹ سے نکال کر موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کی مرمتی ٹیم پنویل اسٹیشن پہنچ گئی اور لفٹ کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے