222 آسامیوں کے لیے 56 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
اورنگ آباد ، 02 اپریل (ہ س) اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن میں مختلف 11 زمروں کے تحت 222 آسامیوں پر بھرتی کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی تھیں، جس کے جواب میں غیر معمولی طور پر 56 ہزار 902 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ تاہم جانچ کے بعد
222 آسامیوں کے لیے 56 ہزار سے زائد درخواستیں موصول


اورنگ آباد ، 02 اپریل (ہ س) اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن میں مختلف 11 زمروں کے تحت 222 آسامیوں پر بھرتی کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی تھیں، جس کے جواب میں غیر معمولی طور پر 56 ہزار 902 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ تاہم جانچ کے بعد ان میں سے 31 ہزار 867 درخواستیں درست قرار دی گئیں، جبکہ 25 ہزار 235 درخواستیں مختلف خامیوں کی وجہ سے مسترد کر دی گئیں۔ذرائع کے مطابق، بڑی تعداد میں درخواستوں کے مسترد ہونے کی بنیادی وجہ ضروری دستاویزات کی عدم دستیابی اور امتحانی فیس کی عدم ادائیگی رہی۔ ان خامیوں کے باعث ہزاروں امیدوار ابتدائی مرحلے میں ہی نااہل قرار پا گئے۔میونسپل کارپوریشن کو 222 خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے حکومتی منظوری حاصل ہونے کے بعد، محکمہ جاتی کمشنر کو مکمل خاکہ پیش کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی بھرتی عمل کو انجام دینے کے لیے آئی بی پی ایس ایجنسی کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا۔ کمشنر کی منظوری کے بعد باضابطہ طور پر بھرتی کا اشتہار جاری کیا گیا۔آن لائن درخواستوں کا عمل 17 فروری سے شروع ہوا تھا اور ابتدائی طور پر 18 مارچ تک آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ تاہم وقت کم ہونے کے باعث امیدواروں کی جانب سے مدت بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا، جس کے بعد درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 31 مارچ تک بڑھا دیا گیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی بی پی ایس کے ذریعے مکمل بھرتی عمل انجام دیا جا رہا ہے۔ جن امیدواروں کی درخواستیں درست قرار دی گئی ہیں، انہیں تحریری امتحان کے لیے آن لائن ہال ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ اس کے بعد آن لائن امتحان منعقد کر کے میرٹ لسٹ تیار کی جائے گی اور اسے میونسپل کارپوریشن کے حوالے کیا جائے گا۔ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande