
ممبئی ، 2 اپریل (ہ س)۔ پالگھر ضلع میں آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی کے دو سنگین معاملات سامنے آئے ہیں، جہاں سائبر ٹھگوں نے زیادہ منافع کا لالچ دے کر دو مختلف افراد سے مجموعی طور پر 1,02,98,825 روپے ہڑپ لیے۔ پولیس کے مطابق دونوں متاثرین کو الگ الگ طریقوں سے جھانسے میں لے کر بڑی رقم جمع کروائی گئی۔پہلے معاملے میں دہانو واقع اڈانی ٹاؤن شپ کے رہائشی 53 سالہ پربھورام کماوت کو “گولڈ رش گلوبل کیپیٹل” نامی مبینہ سرمایہ کاری اسکیم میں زیادہ منافع کا جھانسہ دیا گیا۔ ملزم نے موبائل کے ذریعے رابطہ قائم کر کے اعتماد حاصل کیا اور مارچ 2025 سے جولائی 2025 کے درمیان مختلف اقساط میں ان سے 73,21,620 روپے کی سرمایہ کاری کروائی۔دوسرے واقعے میں بوئسر کے رہائشی اور آئی ٹی انجینئر 27 سالہ شبھم نتین بھولے کو “میگھا” نامی خاتون نے فون کے ذریعے رابطہ کیا۔ انہیں واٹس ایپ کے ذریعے ایک لنک بھیج کر اکاؤنٹ بنوایا گیا اور بعد ازاں ٹیلیگرام کے ذریعے “آن لائن ٹاسک” مکمل کرنے پر زیادہ منافع کا لالچ دیا گیا۔ دسمبر 2025 کے دوران ملزم نے مختلف بینک کھاتوں اور یو پی آئی آئی ڈی کے ذریعے ان سے 29,77,205 روپے جمع کروائے۔پولیس کے مطابق ٹاسک مکمل کرنے کے باوجود متاثرہ شخص کو نہ اصل رقم واپس ملی اور نہ ہی منافع، جس کے بعد دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا۔ دونوں معاملات میں پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے